• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادہ گرمی زیادہ لوڈشیڈنگ‘عوام کا صبر جواب دینے لگا

لاہور (ایجنسیاں ) ملک بھرمیں گرمی بڑھنے کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا‘عوام کا صبر جواب دینے لگا‘ملک بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔متعدد اسکولوں میں گرمی کی وجہ سے بچے بے ہوش ہوگئے‘ شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی۔ بعض علاقوں میں دورانیہ بارہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا۔ادھروفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ قومی گرڈ میں جمعرات کو 1200 میگا واٹ بجلی شامل کی گئی ہے،بجلی کی پیک ڈیمانڈ میں 15 سے 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،ایک ہزار میگاواٹ بجلی( آج )جمعہ کو قومی گرڈ میں آ جائے گی‘بجلی کا شارٹ فال پورا کرلیں گے‘کے الیکٹرک کو بھی 350 سے 500 میگاواٹ اضافی بجلی مہیا کی جا رہی ہے۔بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ننکانہ کے وکلاءنے مکمل ہڑتال اور احتجاجا عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔سکھر میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف سیکڑوں آبادگاروں نے احتجاج کیا اوردھرنا دے کر روہڑی صالح پٹ لنک روڈ بند کردیا ۔راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ، راولپنڈی، ملتان سمیت ملک کے بیشتر شہروں میںغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز سیون‘ نیو کمہار واڑہ ‘لیاری ‘سنگولین، چاکیواڑہ،آگرہ تاج ‘ رنچھوڑ لائن ودیگر علاقو ںمیں میں بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ مستثنیٰ علاقوں میں ایک سے تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ گورنر سندھ، وزیر توانائی اورنیپرا کے نوٹس کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو اب تک ریلیف نہ مل سکا۔کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ادھرراجن پور، جام پور، روجھان،لیہ اور علاقہ پچادھ سمیت دیگر علاقوں میں شدید گرمی کے باعث پارہ پچاس سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ متعددا سکولوں میں گرمی کی وجہ سے بچے بے ہوش ہوگئے ۔ والدین نے چھٹیوں کا مطالبہ کر دیا۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین 48، سبی،پشاور، اٹک 47 اوربنوں 46ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچا تو شہریوں کی ہمت جواب دے گئی۔لاہورمیں بھی پارہ 44سینٹی گریڈ کو چھوگیا۔

تازہ ترین