• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیرہ راغہ روڈ کی عدم تکمیل ‘14جون کوخانوزئی شاہراہ پر دھرنادینگے‘ہاشم تارن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پارٹیز ایکشن کمیٹی رود ملازئی غرشینان تحصیل نانا آباد ضلع پشین اور ایل ایس او لوکل سپورٹ آرگنائزیشن رود ملازئی غرشینان کے رہنمائوں نے سپرہ راغہ روڈ کی تعمیر میں تاخیر کے خلاف 14 جون کو خانوزئی مین نیشنل ہائی وے کو غیر معینہ مدت تک بند اور خانوزئی کراس پر نیشنل ہائی وے پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔اس بات کا اعلان سید محمد ہاشم تارن ، عبدالمتین افغان ، محمد دین رودواں ، عبدالمتین کاکڑ ، رفیع اللہ طوفان ، داؤد ملازئی ، ملک یوسف بازئی ، مولوی عصمت اللہ اور آدم خان بازئی نے گزشتہ روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ سپرہ راغہ روڈ قلعہ سیف اللہ کے راستے لورالائی تک تقریباً 52 کلومیٹر شارٹ کٹ ہے 2008 میں صوبائی حکومت نے مذکورہ سڑک کو چوڑا کرنے کیلئے ٹینڈر کیا اور روڈ کو نیشنل ہائی وے سے لیکر بی ڈی اے کے حوالے کیا جس کے بعد بنے روڈ کو اکھاڑ دیا گیا جس سے رود ملازئی کی 30 ہزار سے زائد آبادی کو مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جس پر علاقے کے سیاسی ، سماجی اور قبائلی عمائدین نے حکومت اور متعلقہ ذمہ دار حکام سے بار بار ملاقاتیں کیں اور اپیل کی کہ روڈ کی تکمیل بروقت کی جائے مگر ہر کسی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ روڈ کی خستہ حالی کے باعث علاقے کے عوام کواپنے پھل مارکیٹ تک پہنچانے میں کئی کئی دن گزرنے کے ساتھ شدید اور ناقابل برداشت مشکلات اورمریضوں کو ہسپتال تک لے جانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ بجٹ میں سڑک کے لئے صرف پانچ کروڑ روپے مختص کئے‘ جو اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابرہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سپیرہ راغہ روڈ کو بی ڈی اے کی بجائے این ایچ اے کے حوالے کرے اور2021-22 کے بجٹ میں سڑ ک کی تعمیر کیلئے کثیر رقم مختص کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام اور حکومت سے بار بار رابطے کئے جانے کے بعد تسلیوں اور یقین دہانیوں کے سوا کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا جسکے بعد علاقے کے عوام سیاسی جماعتوں سماجی تنظیموں اور قبائلی عمائدین نے بھر پور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں 14 جون کو خانوزئی مین نیشنل ہائی وے کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کیا جائے گا۔ ساتھ ہی خانوزئی کراس پر نیشنل ہائی وے پر دھرنا دیا جائیگا جو مطالبہ تسلیم ہونے تک جاری رہے گا۔
تازہ ترین