• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب ملکوں کو ایک ارب ویکسین ڈوز فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے، برطانوی وزیر اعظم

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جی سیون سمٹ کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی سیون سمٹ میں غریب ممالک کو کوویڈ ویکسین کی ایک بلین ڈوزز فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ 

لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بورس جانسن نے مزید کہا کہ 40 ملین مزید لڑکیوں کی اسکولوں میں تعلیم کے حصول میں مدد کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ سمٹ لیڈرز نے گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکشن کیلئے رقم کی فراہمی پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔

اس حوالے سے برطانیہ گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن کے لیے 430 ملین پاؤنڈ دے گا۔ 

بورس جانسن نے کہا کہ بچوں خصوصاً لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بناکر غریب ممالک کو غربت سے نکالا جاسکتا ہے۔

عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں جی سیون ممالک کا 20 فیصد حصہ ہے۔ ماحول کی بہتری کے لئے اقدامات بھی اٹھائیں گے۔ 

برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی بہتری کیلئے تیزی سے کام کریں گے اور ترقی پذیر ممالک کی مدد بھی کریں گے۔ لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ ڈیٹا کی بنیاد پر کریں گے۔ 

انھوں نے کہا کہ جی سیون سمٹ میں رکن ممالک کے علاوہ یورپی یونین اور چند دیگر ممالک نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین