• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مئی کے دوران شاپنگ میں اضافہ

لندن(پی اے ) تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق لاک ڈائون میں نرمی کے بعد مئی کے دوران شاپنگ کے رجحان میں اضافہ ہوا ، BRC-KPMG ریٹیل سیلز مانیٹر سے ظاہرہوتاہے کہ رواں سال مئی میں مئی 2019 کے مقابلے میں لوگوں نے شاپنگ پر 10 فیصد زیادہ رقم خرچ کی ۔ جبکہ بارکلے کارڈ کے اعدادوشمار سے ظاہرہوتاہے کہ مئی کے دوران لوگوں کے آپس میں ملنے جلنے کی اجازت کی وجہ سے ملبوسات کی خریداری میں اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر شاپنگ پر7.6فیصد زیادہ رقم خرچ کی گئی۔ برٹش ریٹیل کنسورشیم (BRC)کا کہناہے کہ اپریل اور مئی کے دوران بہت سے ریٹیلرز کی دکانیں دوبارہ کھل جانے سے فروخت میں اضافہ ہوا تاہم اشیائے خوراک کے علاوہ دیگر اشیا کی فروخت رواں سال مئی میں بھی 2سال قبل کے مقابلے میں کم رہی مئی میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران اشیائے خوراک کے علاوہ دیگر اشیا کی فروخت میں 16.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اشیائے خوراک کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے،ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر پابندی کی وجہ سے گروسری کی فروخت عروج پر رہی مئی کے دوران آن لائن فروخت میں اضافے کاسلسلہ بھی جاری رہا اورآن لائن پر خوراک کے علاوہ دیگر اشیا کی فروخت میں مئی کے دوران 39.1 فیصد اضافہ ہوا۔
تازہ ترین