• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولمبیا یونیورسٹی کے انجینئروں نے انسان نما نرم چہرے والا روبوٹ تیار کیا ہے ،جس کو ’’ایوا‘‘(eva) کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ اپنے چہرے سے انسانی تاثرات اور جذبات کا اظہار کرسکتا ہے۔ ایوا کا چہرہ کسی بالغ انسان جیسا ہے جو ایک نرم ربر استعمال کرکے، تھری ڈی پرنٹر سے بنایا گیا۔ ربر کے اس چہرے کو ایک کھوپڑی پر لگایا گیا ہے جب کہ اس کے پچھلے حصے کو متعدد مقامات پر باریک تاروں کے ذریعے موٹروں سے جوڑ ا گیا ہے۔

چہرے پر کوئی خاص تاثر یا جذبہ ظاہر کرنے کےلیے ان موٹروں کو ایک مخصوص ترتیب سے گھما کر اس چہرے کے الگ الگ حصوں میں مختلف تناؤ پیدا کیا جاتا ہے۔اس مشینی کھوپڑی کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تربیت دیا گیا ہے، تاکہ یہ موٹروں کی منظم حرکت اور چہرے کے مختلف حصوں میں مخصوص تناؤ سے مطلوبہ تاثرات و جذبات پیدا کرسکے۔ 

اس وقت یہ روبوٹ چہرے پرغصے، اکتاہٹ، خوف، لطف، دکھ، اداسی، حیرت اور درجنوں دوسرے انسانی جذبات کا اظہار کرسکتا ہے۔انسانی تاثرات کی نقل کرنے کےلیے یہ روبوٹ ایک کیمرے کے ذریعے اپنے سامنے بیٹھے ہوئے شخص کی تصویر لیتا ہے اور اس کا نیورل نیٹ ورک یہ شناخت کرتا ہے کہ اس شخص کے چہرے پر کو نسا جذبہ یا کونسا تاثر موجود ہے۔

پھر یہ اپنے ڈیٹابیس کو کھنگال کر اسی تاثر کو اپنے مشینی چہرے پر لے آتا ہے۔ اسے بنانے والے انجینئرز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں یہی ٹیکنالوجی ایسے روبوٹس کو حقیقت کا روپ دینے میں کام آسکے گی جو نہ صرف دیکھنے میں انسانوں کی طرح ہوں گے بلکہ ان کے چہرے بھی انسانی جذبات سے بھرپور ہوں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین