کراچی (سید محمد عسکری) محکمہ بورڈز و جامعات نے سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پروفیسر نسیم میمن کو لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے کی سمری دوبارہ وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے سیکریٹری بورڈز و جامعات قاضی شاہد پرویز اشرف کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے نے حکم دیا ہے کہنسیم میمن کو چیرمین لاڑکانہ بورڈ مقرر کرنے کا نوٹفکیشن جاری کیا جائے چناچہ اس معاملے پرصوبائی کابینہ کے سامنے پیش کرکے اس کی منطوری لی جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھیجی جانے والی سمریپراعتراض کرکے سمری واپس بھجوادی تھی۔ پروفیسرنسیم میمن نے آفر لیٹر ملنے کے باوجود تقرر نامہ جاری نہ کرنے کے حکومتی اقدام کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ میرٹ پر تلاش کمیٹی کی جانب سے ان کا انتخاب ہوا پھر دو اداروں نے انھیں کلیئر کردیا تھا جب کہ ایک ادارے نے ان کے بارے میں غلط معلومات فراہم کیں جس پر انھیں لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کا آفر لیٹر ملنے کے باوجود تقرر نامہ نہیں دیا گیا جس پر عدالت نے ایک ماہ قبل تقرر نامہ جاری کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے کے بعد محکمہ بورڈز و جامعات نے سمری بنا کر وزیر اعلی سندھ کو بھیج دی تاہم وزیر اعلی ہاؤس میں سمری پر اعتراض کرتے ہوئے اسے واپس بھیج دیا گیا تھا جس پرنسیم میمن نے سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی تھی جس کے بعد عدالت نے 20 روز میں تقرر نامہ جاری کرنے کا حکم دے کر سماعت کی تاریخ 24 جون مقرر کررکھی ہے۔