پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 30ویں اور آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ملتان کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ 93 رنز پر گری تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی کچھ خاص کھیل پیش نہیں کرسکے۔
ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں149 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور اسلام آباد کو جیت کے لیے 150رنز کا ٹارگٹ دیا۔
سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 37 گیندوں پر 59 رنز کی اننگ کھیلی، انہوں نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے، کپتان محمد رضوان نے 26 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ فواد احمد اور فہیم اشرف نے 2، 2 وکٹیں لیں، کپتان شاداب خان اور افتخار احمد نے ملتان کے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔