• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت کی طوبیٰ سے بھی طلاق ہوگئی؟ صارفین کا سوال

معروف میزبان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اُن سے تیسری شادی کی دعویدار خاتون کی وجہ سے اُن کا گھر ٹوٹ گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے اُن پر کی جانے والی تنقید پر شدید ردّعمل دیا۔


اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ’میں نے بہت تنگ آنے کے بعد یہ ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کیونکہ ایک خاتون کی وجہ سے مجھ پر تہمت لگائی گئیں، مجھے تنقید کا نشانہ بنایا لیکن میں خاموش رہا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُس خاتون اور لوگوں کی تنقید کی وجہ سے میرا گھر ٹوٹ گیا، مجھے بُرا بھلا کہا گیا لیکن میں نے پھر بھی صبر کیا۔‘

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ’اب میری برداشت ختم ہوگئی ہے اور میں نے اس خاتون کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس دائر کردیا ہے اور اب عدالت ہی اُس کا فیصلہ کرے گی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں تمام ثبوت عدالت میں پیش کروں گا، ڈی این اے رپورٹ بھی کرواؤں گا اور پھر سب کے سامنے سچ آجائے گا۔‘

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ’اس خاتون نے ناصرف میری توہین کی بلکہ ہمارے ملک، عوام اور پوری جماعت کے لیے غلط الفاظ استعمال کیے جبکہ میرے پاس اُس خاتون کے والد کی تمام فون کالز بھی موجود ہیں اور میں وہ سب عدالت میں پیش کروں گا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’لوگوں نے مجھ پر شدید تنقید کی لیکن کسی نے اُس خاتون سے نکاح نامہ نہیں مانگا کیونکہ ہمارا نکاح ہوا ہی نہیں، اگر نکاح ہوا ہوتا تو وہ ضرور سب کے سامنے آتا۔‘

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مزید کہا کہ ’میں یہ سوال بھی عدالت میں چیف جسٹس کے سامنے ضرور اُٹھاؤں گا اور خود پر لگی تمام تہمتیں بھی ہٹاؤں گا۔‘

دوسری جانب عامر لیاقت کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید کشمکش میں مبتلا ہوگئے ہیں، صارفین نے پی ٹی آئی رہنما کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے سوال کررہے ہیں کہ ’کیا عامر لیاقت اور طوبیٰ کی بھی طلاق ہوگئی ہے؟‘

تاہم ابھی تک ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور اُن کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اس کے علاوہ ابھی تک دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو بھی کیا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہانیہ نامی ایک خاتون نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، اس خبر نے عامر لیاقت کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

اس خبر کے بعد ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ہانیہ نامی خاتون سے تیسری شادی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے طلاق کی تصدیق کی تھی، عامر لیاقت نے دوسری شادی طوبیٰ عامر سے کی ہے۔

تازہ ترین