رکن قومی اسمبلی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اینکر عامر لیاقت حسین نے تیسری شادی کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ اُن کی صرف ایک شادی ہے جو طوبیٰ سے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ہانیہ نامی ایک خاتون نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا، اس خبر نے عامر لیاقت کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی تاہم اب انہوں نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
عامر لیاقت کے ایک منٹ اور ایک سیکنڈ پر مبنی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ’عورت کی لمبی زبان کا شکوہ تو سب ہی کرتے ہیں لیکن گونگی عورت سے کوئی شادی نہیں کرتا، سب یہی چاہتے ہیں کہ بولتی عورت سے شادی کی جائے۔‘
انہوں نے شادی کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ویسے بھی آپ سب میری تین چار اور پانچ شادیاں کروا چکے ہیں لیکن میری ایک ہی شادی ہے جو طوبیٰ سے ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ برس عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال نے طلاق کی تصدیق کی تھی، عامر لیاقت نے دوسری شادی طوبیٰ عامر سے کی ہے۔