قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کو اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
شاہد آفریدی کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا گیا ہے جس میں انہوں نے گزشتہ روز بہترین کھیل پیش کر کے پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنانے پر پشاور زلمی کو مبارکباد دی ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’ پشاور زلمی کو شاندار جیت مبارک ہو، میرے ملتان سلطان اور پشاور زلمی کے درمیان اب ایک شاندار فائنل ہونا چاہیے۔‘
شاہد آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلے گئے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’اُنہوں نے محسوس کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دباؤ میں کھیل رہی تھی۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ رات ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں کل بروز جمعرات ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ ابوظبی میں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے بقیہ میچز کے لیے ملتان سلطانز، مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی انجری کے باعث خدمات سے محروم ہے۔