• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشوریا رائے نے مہوش حیات کی مسترد کردہ کونسی فلم کی؟

معروف اداکارہ و تمغۂ امتیاز مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے بالی ووڈ کی مقبول ترین فلم ’فینی خان‘ میں کام کرنے سےانکار کردیا تھا جس کے بعد ایشوریا رائے بچن نے اُس فلم میں کام کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہوش حیات نے کچھ عرصہ قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیا جس میں میزبان نے سوال کیا تھا کہ دو ممالک کے مابین کشیدگی کے دوران بھارت نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کیسا سلوک کیا؟ 

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا تھا کہ ’میں اس کو غیر منصفانہ سمجھتی ہوں کیونکہ ہمارے وہ تمام اداکار جنہوں نے بالی ووڈ میں کام کیا ہے، بدقسمتی سے اُنہیں اس طرح کا احترام نہیں دیا جاتا جس کے وہ مستحق ہیں۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’اگر آپ کسی اداکار کا کام بند کریں گے یا اُس کی فلم کی تشہیر پر پابندی لگا دیں تو اس سے اُس کی عزتِ نفس مجروح ہوگی اور عزتِ نفس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے بالی ووڈ فلم ’فینی خان‘ کی پیشکش کی گئی تھی لیکن میں نے آفر مسترد کردی تھی، اس کے علاوہ مجھے فلم دیڑھ عشقیہ کی آفر بھی آئی تھی جو میں نے کچھ بولڈ سین کی وجہ سے قبول نہیں کی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے لیے یہ ایک شعوری فیصلہ تھا کہ میں یہاں اپنے ملک میں رہنا چاہتی ہوں اور اپنے پاکستانی سنیما کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں۔‘

مہوش حیات نے مزید کہا کہ ’جب مجھے تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا تھا تو میں بہت زیادہ خوش ہوئی تھی۔‘

واضح رہے کہ مہوش حیات کی آفر مسترد کرنے پر فلم ’فینی خان‘ میں بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ فلم ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں مادھوری ڈکشٹ نے اداکاری کی تھی۔

تازہ ترین