اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ایک صحت مند عورت نہ صرف ایک صحت مند اور مکمل خاندان کی بنیاد ہے بلکہ پرعزم پاکستان کی نشوونما اور بقا کیلئے بھی ضروری ہے، چھاتی کے سرطان کے حوالہ سے جتنی زیادہ خواتین باشعور ہوں گی اس مرض سے ہونے والی اموات اور مریضوں میں کمی آئے گی۔وہ جمعہ کو ایوانِ صدر میں بریسٹ کینسر کے حوالہ سے آگاہی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ وہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتی ہیں کہ انہوں نےایوانِ صدر میں چھاتی کے کینسر کے سلسلہ میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا، ہم پہلے بھی ملک بھر میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے ایک مہم چلاچکے ہیں اور قومی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ہم ہر فورم پر اس موذی مرض کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔، مجھے امید ہے کہ ہماری کوششوں سے میری بہنوں میں آگاہی پیدا ہوئی ہوگی اور ان کے ذہنوں میں اس بیماری کے متعلق جو سوالات اور شکوک ہیں ان کا انہیں تسلی بخش جواب مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطا بق بریسٹ کینسر پوری دنیا میں خواتین میں سب سے زیادہ پایا جانے والا کینسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین اور ڈاکٹرز نے اس مرض کی علامات اور نتائج کے بارے میں بہت تفصیل سے آگاہ کیا ہے اور اس کی بروقت تشخیص کے بارے میں بھی بتایا ہے کہ اس مرض کا علاج ممکن ہے اگر ہم اپنا معائنہ خود کرتے رہیں اور اسے خاندان کے دوسرے ارکان کے ساتھ شیئر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں،اس مرض کی بروقت آگاہی سے ہم بہت سی قیمتی جانوں کو بچا سکتے ہیں ۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ اپنے اردگرد خواتین کو بھی اس مرض کے بارے میں آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ میں اس کی ابتدائی علامات سے اچھی طرح سے واقف ہوں، خواتین باقاعدگی سے چیک اپ کروانے کی عادت ڈالیں۔ خصوصاً جن کی عمر چالیس سال سے زیادہ ہے۔ ضروری ہو تو میموگرافی اور سکریننگ بھی کرانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صدرِ عا رف علوی کی خصوصی ہدا یت کے تحت پاکستان میں ایک آ گاہی مہم جاری ہے ۔۔انہوں نے ماہرین صحت، ماہرین تعلیم اور تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ اس حوالے سےآگاہی پیدا کریں۔ تعلیمی اداروں اور دفاتر میں اس طرح کے آگاہی سیمینارز منعقد کئے جائیں ۔ میڈیا بھی شامل ہے اس میں بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔