• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ نے موسیقی کی صنعت کو متاثر کیا، ایلٹن جان

برطانوی میوزک انڈسٹری کے آئیکن سر ایلٹن جان بریگزٹ کے بعد سے جس طرح سے برطانیہ کی حکومت کی جانب سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے جو اقدامات کیے گئے ان پر سخت برہم ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایلٹن جان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سہولیات کی عدم فراہمی پر پریشان ہیں جو کہ انہیں برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ ہوتے ہوئے میسر تھیں۔

انہوں نے اس سال کے آغاز میں نافذ کردہ نئے قواعد ( جوکہ فنکار برادری کے لیے فری ویزے کی کوئی گارنٹی نہیں دیتےجس سے ان خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے کہ کچھ ممالک کے ویزے کے لیے انہیں بھاری فیس ادا کرنی پڑے گی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت غصے اور حیرت میں ہیں کہ جب بریگزٹ ہوا تو حکومت نے کیا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے انٹرٹینمنٹ کے شعبے اور نہ صرف موسیقاروں، اداکاروں اور فلمی ہدایت کاروں کے لیے بلکہ باقی عملے  کے لیے بھی کوئی بندوبست نہیں کیا جو کہ یورپ جا کر روزی کماتے ہیں۔

ایلٹن جان کا کہنا ہے کہ ان کے جیسے لوگ تو یورپ جانے کے متحمل ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ ان لوگوں تک آرام سے رسائی حاصل کرسکتے ہیں جن سے وہ ویزہ حاصل کرسکتے ہیں لیکن اُنہیں یہ چیز پریشان کرتی ہے کہ انٹرٹینمنٹ کا شعبہ اس ملک میں ایک سال میں 111 بلین ڈالر لے کر آتا ہے اور اب یہ مشکل نظر آرہا ہے۔

برطانوی وزراء کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ دوغلے لوگ ہیں اور حکومت بھی دوغلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں ان دوغلی حکومتوں کی عادت ہوگئی ہے، خصوصاََ برطانوی حکومت ہم سے ہر روز جھوٹ بولتی ہے اور وہ انہیں یہ سب اچھا نہیں لگتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ دیکھیں انہوں نے این ایچ ایس کے ساتھ کیا کیا ہے۔ 

کوویڈ کے دوران ان لوگوں (عملے) نے جو کچھ کیا اس کے بعد ان کے معاوضے میں صرف 1 فیصد اضافہ کیا، انہیں یہ سب چیزیں غیر معمولی لگتی ہیں اور وہ ان کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔

تازہ ترین