چین میں ایک مکان مالک اس وقت حیران رہ گیا جب اس نے دیکھا کہ اسکا کرایہ پر دیا گیا اپارٹمنٹ مرغیوں کے پالنے اور رکھنے کی جگہ (ڈربہ) میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
تصور کیجئے کہ آپ اپنی تمام بچتوں کو ایک اپارٹمنٹ خریدنے اور اسکی تزیئن و آرائش پر یہ سوچ کے خرچہ کرتے ہیں کہ اس سے کچھ منافع آئیگا لیکن بعد میں پتہ چلتا ہے کہ وہاں تو کرایہ دار نے مرغیاں پالنا شروع کردی ہیں۔
بظاہر یہ لطیفہ لگتا ہے لیکن یہ ایک سچا واقعہ ہے جو چین کے ایک شہری کے ساتھ پیش آیا، جس نے اپنا اپارٹمنٹ دو سال قبل کرائے پر دیا تاہم کچھ عرصے بعد اسے پڑوسیوں نے آگاہ کیا کہ آپکے فلیٹ سے عجیب و غریب آوازیں اور بدبو آرہی ہے۔
بروقت کرایہ ملنے اور کوئی مسئلہ نہ ہونے کے باعث مذکورہ مالک مکان نے کبھی جاکر فلیٹ چیک نہیں کیا تھا، تاہم اطلاع ملنے پر جب وہ وہاں پہنچا تو حیران و پریشان رہ گیا کیونکہ وہاں تو اپارٹمنٹ کے اندر مرغیاں خانہ کھلا ہوا تھا۔
انتہائی غصے میں موجود مالک مکان نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اپارٹمنٹ سے سخت ناگوار بو آ رہی تھی، فرش اور دیواریں تباہ حال تھیں، جنھیں مکمل مرمت اور تزئین و آرائش کی ضرورت تھی ورنہ کوئی بھی وہاں رہ نہیں سکتا۔
مالک مکان جس کا نام چینی میڈیا نے ظاہر نہیں کیا اس نے شکایتی انداز میں بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران کرائے دار نے جو رقم دی وہ بھی اسکی دوبارہ بحالی کےلیے ناکافی ہے، اس نے مزید کہا کہ وہ اب اس حوالے سے آن لائن مشاورت کر رہا ہے کہ اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔