کراچی کے علاقے قائد آباد کی گوشت گلی میں دو گروپوں میں تصادم سے 1 شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں باپ اور دو بیٹے بھی شامل ہیں۔
قائد آباد کا علاقہ دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے باعث گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، دو برادریوں کے درمیان کئی روز سے جاری جھگڑا آج مسلح تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں کے افراد بات چیت کیلئے موجود تھے کہ اسی دوران تلخ کلامی ہوئی اور نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی۔ واقعے میں دونوں گروپوں کے افراد زخمی ہوئے جو کہ مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بات چیت کے دوران اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔ زخمی افراد زمین پر گرنے کے باجود بھی فائرنگ کرتے رہے۔ بھگڈر کے بعد زخمیوں کے ساتھی دوبارہ پہنچے اورزخمیوں کو اٹھا کر لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور 7 زخمی افراد جناح اور سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس نے واقعے میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا، جبکہ زخمیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جائیں گے۔