• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز سے ترسیلات روکنے کا اثر 3 ماہ میں نظر آئے گا، شیخ وقاص اکرم


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے دو تین ماہ میں نظر آئے گا۔

پشاور میں مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ  مالی سال 2022 میں ترسیلات زر 32 ارب ڈالر تھیں، 2024 میں 27 ارب ڈالر رہی ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ ہم نے معیشت صحیح سمت میں ڈال دی ہے، یہ لوگ جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، ان کے دور میں پی آئی اے سمیت سارے ادارے خسارے میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے اداروں کو ان لوگوں نے اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں کیا، مریم نواز نے پنجاب میں بنیادی صحت یونٹس اپنے نام سے منسوب کر دیے، کالجز یونیورسٹیز سب اپنے خاندان کے نام سے منسوب کر رہے ہیں۔

وقاص اکرم  نے کہا کہ 103 بیماریوں کا علاج صحت کارڈ سے کے پی میں ہورہا ہے، مریم نواز نے ہر بیماری کا علیحدہ علیحدہ کارڈ شروع کردیا، پنجاب میں کسان دشمنی کی پالیسی چل رہی ہے، پی ٹی آئی نے مرغیوں کا پروگرام شروع کیا تو مذاق اڑایا گیا،  اب یہ لوگ خود مذاق بن گئے ہیں۔

مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم  نے کہا کہ ملک میں تبدیلی پہلے لاہور سے ہوتی تھی، اب پشاور سے ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی نے جب کہا کہ ملک کا قرض اتاریں گے تو یہ مذاق اُڑاتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ٹریننگ پر ہیں، ہم سے سیکھ رہی ہیں، ہمارے پروگرام کاپی کرکے پنجاب میں شروع کر رہی ہیں،پنجاب والے پوچھ رہے ہیں کہ کیسے ہم نے معیشت کو بہتر کیا، خیبر پختونخوا کا 725 ارب روپے کا مجموعی قرض ہے،  اتنا قرض شہباز نے صرف ایک ہفتے میں لیا۔

صوبائی مشیر خزانہ نے کہا کہ اشیاء خورونوش سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا۔

قومی خبریں سے مزید