کراچی، لاہور،پشاور (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) وفاقی تعلیمی اداروں میں 18 جولائی سے یکم اگست تک گرمیوں کی چھٹیاں ہونگی، پنجاب میں یکم جولائی سے یکم اگست تک اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات ہونگی، خیبر پختونخوا میں اسکول یکم جولائی سے 11 جولائی تک بند رہیں گے۔جبکہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نےکہا ہےکہ صوبے میں فی الحال گرمیوں کی چھٹیوں کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ایک بیان میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں گرمیوں کی چھٹیاں نہ دینےکا اعلان ہوا تھا، اگر کسی علاقے میں موسم زیادہ گرم ہوا تو اجلاس میں غور کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابقنیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے صوبوں اور وفاقی اکائیوں کو تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اختیار دیئے جانے کے بعد صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے اہم اعلان کردیا ہے۔مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا اور یکم اگست تک اسکول بند رہیں گے۔