• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ جنگ بندی ہماری تاریخی کامیابی ہے، ٹرمپ

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی ہماری تاریخی کامیابی کا نتیجہ ہے، سرحد سے دراندازی کو روکیں گے۔ 

ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب حلف برداری سے قبل واشنگٹن میں ریلی سے خطاب کیا اور کہا کہ سرحدی حفاظتی اقدامات کا خاکہ پیش کریں گے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک کو بچانے کی ضرورت ہے، امریکا کو ٹک ٹاک کی نصف ملکیت حاصل کرنی چاہیے، ٹک ٹاک کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کھربوں ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ بندی ہماری تاریخی کامیابی کا نتیجہ ہے، یہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے پہلا قدم ہے، آنے والی انتظامیہ نے تین ماہ سے کم عرصے میں یہ کامیابی حاصل کی۔

نومنتخب صدر نے کہا کہ ہم سرحد سے دراندازی کو روکیں گے، ہم امن و امان کو بحال کریں گے، تاریخی رفتار اور طاقت کے ساتھ کام کریں گے، ملک کو درپیش ہر بحران کو حل کریں گے، ہمیں یہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے اپنے فوجی ساز و سامان کی واپسی چاہتے ہیں۔

ٹرمپ نے سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کیس کا ریکارڈ جاری کرنےکا وعدہ کیا اور کہا کہ آنے والے دنوں میں جان ایف کینیڈی کے قتل سے متعلق بقیہ ریکارڈ جاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رابرٹ ایف کینیڈی اور مارٹن لوتھر کنگ جونیئر قتل سے متعلق ریکارڈ بھی جاری کریں گے، عوامی دلچسپی کے حامل دیگر دستاویزات بھی جاری کریں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید