• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی عوفر جیل میں رہا ہونیوالے فلسطینی قیدیوں کی تصدیق کا عمل جاری

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل کے عوفر جیل سے جنگ بندی معاہدے کے تحت رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی ریڈ کراس کی جانب سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو لے جانے کےلیے بسیں عوفر جیل میں پہنچا دی گئیں جبکہ ریڈ کراس کی ٹیم بھی جیل پہنچ چکی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت آج مختلف جیلوں سے رہا کیے جانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔

رہا ہونے والوں میں فلسطینی تنظیم پاپولر فرنٹ کی رہنما خالدہ جرار سمیت 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہوں گے۔

اس سے قبل غزہ سے تین اسرائیلی یرغمالی خواتین رہا کردی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے تینوں خواتین کے اسرائیل پہنچنے کی تصدیق کردی۔

رہا ہونے والی خواتین میں 24 سالہ رومی گونن، 28 سالہ برطانوی نژاد ایملی دماری اور 31 سالہ ورون شتنبر خیر شامل ہیں۔

ان خواتین کی رہائی کے بدلے اسرائیل آج 90 فلسطینیوں کو رہا کرے گا۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کا اگلا تبادلہ اگلے ہفتے 25 جنوری کو ہوگا۔ اگلے تبادلے میں حماس کی قید سے 4 یرغمالی رہا ہوں گے۔

غزہ کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں مقامی پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے، شہریوں کی مدد و حفاظت اور اسرائیلی باقیات سے نمٹنے پر کام کر رہے ہیں،  آنے والے دنوں میں غزہ کے تمام علاقوں میں ساری شہری خدمات فعال کریں گے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر سے قابض جارح کے اثرات ختم کرنے میں سب مل کر ہماری مدد کریں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید