بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں اپنے 25 برس مکمل کرنے والے اداکار ریتک روشن کو سعودی عرب میں جوائے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ ایوارڈ شو سعودی عرب کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جو عرب دنیا کے فنکاروں کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ اس تقریب میں شردھا کپور بھی ایک پریزنٹر کے طور پر موجود تھیں۔
یاد رہے کہ ریتک نے 2000ء کی فلم کہو نہ پیار ہے سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
ایوارڈ قبول کرتے ہوئے ریتک نے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’شکریہ، ریاض۔ شکریہ، جوائے ایوارڈ۔ بھارت سے یہاں مدعو کرنے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ۔ آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے اپنی بصیرت سے اس شاندار شام کو ممکن بنایا۔‘
انکا کہنا تھا کہ ’میں عاجز ہوں، شکر گزار ہوں، اس سے بےحد حوصلہ افزا ہوئی ہے۔ دیکھیں، میں یہاں کن عظیم شخصیات کے ساتھ ہوں، یہ واقعی غیر حقیقی لگتا ہے کہ میں یہاں ہوں اور یہ ایوارڈ تھام رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا، ’25 سال گزر گئے۔ یہ کافی طویل وقت لگتا ہے، لیکن بدقسمتی سے، مجھے اداکاری کو سمجھنے میں 25 سال لگ گئے۔ میں اس اعزاز کو اپنے دل میں موجود امید کی علامت کے طور پر لیتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ اگلے 25 سال اس سے بہتر ہوں گے۔‘