پشاور ( جنگ نیوز )ممبر صوبائی اسمبلی و فوکل پرسن برائے میگا پراجیکٹس و احیائے پشاور آصف خان نے کہاہے کہ پشاور میں خانہ کاشت کا مسئلہ جلد حل کرلیا جائیگا ‘پٹواری حقیقی معنوں میں عوام کے خادم بن کر انکی خدمت کریں‘ پٹوار ی کے خلاف شکایت موصول ہونے پر آر ایس او کے تحت سخت کارروائی کی جائیگی ‘ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے کانفرنس روم میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں تحصیلدار پشاور محمد تاج ‘سب رجسٹرار ون محمد اقبال ‘سب رجسٹرار ٹو سلیم احمد ‘ سابقہ ڈسٹرکٹ ممبرا ن گلزادہ ‘ حضرت گل ‘ ٹائون ممبر ان ملک سعید ‘ ملک اسلم ‘ عدنان سلیم ‘ سابقہ بلدیاتی ناظمین ‘ کونسلران ‘معززین علاقہ اور پشاور کے پٹواریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس میں پٹوار سے متعلق عوامی مشکلات اور اسکے حل پر تفصیلی گفتگو کی گئیں اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ عوام کی سہولت کیلئے پٹوار خانے متعلقہ موضع میں یونین کونسل سیکرٹری کے آفس کے نزدیک قائم کئے جائیں تاکہ عوام کو ایک چھت تلے تمام سہولیات میسر ہوں اس کے علاوہ فرد نمبر جاری کرتے ہوئے جس مقصد کیلئے فرد نمبر جاری ہواہوفر د نمبر کے اوپر تحریر کیاجائیگا ‘اسکے علاوہ پٹواریوں کو اس بات کا پابند کیاگیا کہ دفتر سے جاتے وقت دفتر کے دروازے پرنوٹ آویزاں کیاجائے گا کہ جس مقصد کیلئے دفترسے باہر گیا ہو وہ واضح لکھا جائے اور ساتھ ہی واپسی کا وقت اور موبائل نمبر بھی درج کیاجائے۔