• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

السی کا استعمال خواتین کیلئے حیرت انگیز فوائد کا حامل

کتھئی رنگ کے چھوٹے چھوٹے السی کے بیجوں میں قدرت نے بے شمار فوائد رکھے ہیں، السی بے شمار طبی خصوصیات کی حامل ہے اسی لیے السی کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی غذا کاحصہ بنانا چاہیے، السی کے استعمال کے نتیجے میں خواتین کو صحت سے متعلق متعدد مسائل کے حل سمیت جلد کی خوبصورتی، ناخن، بالوں اور صحت مند رہنے کے لیے کسی اور سپلیمنٹس کی ضرورت نہیں رہتی ہے۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ السی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، فائبر، متعدد منرلز، وٹامنز اور انوکھی قسم کی جڑی بوٹی کمپاؤنڈز پائے جانے کے باعث اس کا استعمال دل، ذیابطیس اور کولسیٹرول کے مریضوں کے لیے بہترین ہے جبکہ یہ کینسر اور ذیابطیس 2 سے بھی بچاتی ہے، اس کے علاوہ السی کا استعمال گُڈ فیٹ اور پروٹین حاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے ۔

السی کے استعمال کے نتیجے میں جہاں خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں وہیں خواتین کے کئی مسائل کا حل بھی اس میں موجود ہے، طبی و غذائی ماہرین کی جانب سے السی کا استعمال عام روٹین میں روزانہ کی بنیاد پر تجویز کیا جاتا ہے جبکہ اسے خواتین کے لیے لازم قرار دیا جاتا ہے۔

السی کے استعمال سے خواتین کی صحت پر آنے والے چند مثبت اثرات مندرجہ ذیل ہیں:

غذائی ماہرین کے مطابق تاثیر گرم ہونے کے سبب السی کا استعمال خواتین کی صحت کے لیے ناگزیر ہے، السی میں پائے جانے والا منرل ’مولیبڈینم‘ انسانی پٹھوں کی نشونما میں مدد فراہم کرتا ہے ، یہ منرل نسوانی حسن کے لیے نہایت مفید منرل ثابت ہوتا ہے۔

السی میں فاسفورس کی بھی مقدار پائی جاتی ہے جو کہ خواتین کے لیے نہایت ضروری ہے، خواتین میں ہڈیوں اور جوڑوں میں درد کی شکایت مردوں کی نسبت زیادہ پائی جاتی ہے، گھر کے کام کاج اور بچوں کی پیدائش کے مراحل کے دوران میں خواتین کی ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہے، السی میں پائے جانے والا فارسفورس ہڈیوں کی صحت میں اہم کردار ادا کرنے اور انسانی جسم کے پٹھوں کو متوازن رکھنےمیں مدد فراہم کرتا ہے۔

السی کا استعمال وزن میں کمی کا سبب

اکثر و بیشتر خواتین میں غیر متوازن ہارمونز کے سبب وزن بڑھنے لگتا ہے، تحقیق کے مطابق السی کے بیج وزن کم کرنے میں نہایت معاون ثابت ہوتے ہیں، اس میں موجود فائبر کی بھاری مقدار نظام ہاضمہ، کولیسٹرل لیول متوازن رکھتی ہے جبکہ میٹابالزم کو تیز کرتی ہے۔

السی کے آٹے کی روٹی یا اس کا آٹا نیم گرم پانی میں ملا کر پینے سے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں اور دنوں میں وزن میں کمی بھی آتی ہے جبکہ غیر متوازن ہارمونز کی سطح بھی بہتر ہوتی ہے۔

السی کے استعمال کے نیتجے میں خواتین کے چہرے پر آنے والے غیر ضروری  بالوں کا بھی صفایا ممکن ہوتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ کا ذریعہ

تحقیق کے مطابق السی کے استعمال سے بریسٹ، کولون ( آنتوں کا کینسر )، اسکن اور پھیپھڑوں کے کینسر کی بننے والی وجوہات کا بھی قدرتی طور پر خاتمہ ہو جاتا ہے۔

السی کا استعمال خواتین کے لیے بہترین آپشن ہے، اس میں خواتین کے جملہ امراض کا علاج موجود ہے۔

السی کے استعمال کا صحیح طریقہ

ماہرین غذائیت کے مطابق دو چمچے’ فلیکس سیڈ ‘ یعنی کے السی میں 6 گرام فائبر، 5 گرام پلانٹ پروٹین، کوپر، میگنیشیئم، مینگانیز، فاسفورس اور تھایامن کی مقدار پائی جاتی ہے۔

دن میں السی کے تین بڑے چمچ جتنی مقدار استعمال کی جا سکتی ہے، السی کو سلاد، پانی، دودھ یا آٹے میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کی جانب سے اسے نہار منہ کھانا تجویز کیا جاتا ہے، خواتین اپنی متعدد مسائل کے حل کے لیے صبح نہار منہ السی کا ایک بڑا چمچ ( السی کا آٹا) پانی میں ملا کر پی سکتی ہیں۔

السی کو براہ راست ثابت بیجوں کی صورت میں استعمال کرنے سے منع کیا جاتا ہے، السی کا آٹا بنا کر اسے کئی طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے ، السی کے بیجوں کا آٹا بنانے سے قبل اسے بھون لینا چاہیے۔

تازہ ترین