وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کے حوالے سے بڑا انکشاف کیا ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیاپاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے دعویٰ سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شرکت کے لیے تیار تھے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی طرف سے درخواست آئی کہ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں شرکت نہ کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم اجلاس میں شرکت کے لیے تیار تھے لیکن اپوزیشن لیڈر کی طرف ان کی عدم شرکت کی درخواست کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کوئی مخصوص نشستوں پر تو نہیں آئے ہوئے، عمران خان ہی ہیں جو فیصلہ کرتے ہیں کہ کس کس کو بلایا جائے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ کل بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ وزیراعظم اجلاس میں نہیں آئے تو اسپیکر اسد قیصر نے مائیک آن کئے بغیر کہا کہ آپ شہباز شریف سے پوچھیں۔
انہوں نے کہا کہ سعد رفیق نے پھر بات کی کہ ہم سے مس کمیونی کیشن ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی درخواست پر کہا کہ میں یہ بریفنگ تو پہلے ہی لے چکا ہوں اچھا ہے، حزب اختلاف بھی لے لے یہ اہم بھی ہے۔