• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم اپنی روز مرہ زندگی میں ایسی کئی باتیں سیکھتے ہیں جو ہم فوری طور پر بھول بھی جاتےہیں۔ محققین کہتے ہیں کہ، ہائی اسکول جانے والا ایک اوسط طالب علم کلاس میں سیکھی ہوئی 60فیصد باتیں گھر آتے آتے بھول جاتا ہے، جنھیں یاد کرنے اور یاد رکھنے کے لیے اسے گھر پر ان سیکھی ہوئی باتوں کو دُہرانا پڑتا ہے۔ ریاضی کا مضمون بھی اس اصول سے مستثنیٰ نہیں۔ اگر ہر طالب علم گھر پر روزانہ ریاضی کے سبق کو دُہرا ئے تو اس میں مہارت حاصل کرسکتا ہے۔

ذہنی استعداد پر تحقیق کرنے والے سائنسدانوں نے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران یہ ثابت کیاہے کہ ’’شماریات کرنا (اعداد کا استعمال)ہماری جبلت میں ہے‘‘۔ پری اسکول سطح کے بچوں پر تحقیق کرنے سے یہ پتہ چلا کہ4 یا 5 سال کی عمر سے قبل ہی بچے بنیادی اعدادی استعداد اور مہارت حاصل کرلیتے ہیں اور لگاتار اس کی مشق بھی کرتے رہتے ہیں۔ بچوں میں اس مہارت کی ترقی ٹھیک اُسی طرح ہے جس طرح وہ زبان سیکھتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ذہن میں ایک بٹن ہوتا ہے جو مناسب ماحول ملتے ہی آن ہوجاتا ہے اور سیکھنے پر مائل کردیتا ہے۔

ریاضی ایک پیچیدہ مضمون ہے۔ ہم میں سے ہر شخص روزانہ ہی ریاضی کے پرابلمز حل کررہا ہوتا ہے: قیمتوں کا تقابلی جائزہ، کوئی ڈش پکانے کے لیے ضروری اجزاء کا مطلوبہ وزن، وقت کا تعین کرنا وغیرہ۔ کچھ لوگوں کو ان چیزوں کا تعین کرنے کے لیے عمومی طور پر درکار اوسط سے زیادہ وقت لگانا پڑتا ہے، جبکہ کچھ لوگ فوری طور پر حل کرلیتے ہیں۔ یہاں ان چیزوں کا ذکر صرف پریکٹس کے لیے کیا گیا ہے۔

مشق اہم ہے

کئی مطالعات میں ریاضی کے مضمون میں ماہر ہونے سے طالب علموں کو حاصل ہونے والے فوائد کا ذکر کیا گیا ہے۔ ہندسوں کو سمجھنے والے لوگ زیادہ صحت مند ہوتے ہیں کیونکہ وہ کسی بھی صورتِ حال کو نسبتاً جلدی سمجھ سکتے ہیں اور وہ سُنی سنائی باتوں اور جذباتی اپیل کے بجائے ٹھوس شواہد اور حقائق پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔

اگر آپ ریاضی کے مضمون میں کمزور ہیں تو پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں، آپ بھی اس میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر آپ ریاضی کے مضمون میں اپنی صلاحیتیں بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے -’ مشق‘۔ ریاضی کے مضمون میں صلاحیتوں سے زیادہ مشق اہم ہے۔

ریاضی کی پرابلم حل کرتے وقت اہم بات یہ ہوتی ہے کہ آپ ’پیٹرن‘ پر نظر رکھیں۔ ریاضی میں رفتار نہیں ’غور سے سوچنا‘ زیادہ اہم ہے۔ اچھے سوالات پوچھنا اور پرابلم پر غور کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔

ریاضی کے مضمون میں اچھا آغاز کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے اندر ’نمبر سینس‘ پیدا کریں۔ مثلاً، پہلے پہل 525-496(525سے 496منہاکرنا) ایک مشکل کام معلوم ہوسکتا ہے، تاہم آپ تھوڑا سا ’نمبر سینس‘ استعمال کرتے ہوئے اسے آسان بنا سکتے ہیں۔ اور وہ ایسے کہ پہلے مرحلے میں 525-500(525سے 500 منہا ) حل کریں، آپ فوری طور پر جان لیں گے کہ اس کا جواب 25ہے، اب اس میں 4جوڑ دیں اور لیجیے آپ نے پرابلم کا اصل جواب 29حاصل کرلیا ہے۔ آپ جیسے جیسے پریکٹس کے ذریعے اپنے ذہن میں مختلف نمبروں کے درمیان تعلق پیدا کرتے جائیں گے، آپ ریاضی کے پرابلمز کو بتدریج آسان ہوتا پائیں گے۔

’سلوشن‘ نہیں ’پراسیس‘ اہم ہے

اگر آپ ریاضی کے کسی بھی پرابلم کا درست جواب تلاش کرنے کے لیے صرف درست جواب پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں تو آپ اس مضمون میں کبھی بھی ماہر نہیں بن پائیں گے۔ اس کے بجائے آپ کو یہ سیکھنا اور سمجھنا چاہیے کہ کس ’پراسیس‘ کے ذریعے درست جواب حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ایک بار جب آپ نے پراسیس کو سمجھ لیا تو اس کے بعد پیچیدہ سے پیچیدہ تر پرابلم کو بھی بآسانی حل کرلیں گے۔

آن لائن تربیت

کوشش کریں کہ آپ ریاضی کے مضمون کو اپنی رفتار سے سیکھیں۔ تاہم آپ کی رہنمائی کے لیے کچھ باتیں ذیل میں بتائی جارہی ہیں:

- یوٹیوب پر کئی مفت کورسز دستیاب ہیں، جن کے ذریعے آپ ریاضی میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ PatrickJMT ایک کمیونٹی کالج کے ریاضی کے پروفیسر ہیں، جو یوٹیوب پر مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے ذریعے ریاضی کی کسی بھی ایک پرابلم کو لے کر اس پر بات کرتے ہیں اور آسان انداز میں سمجھا دیتے ہیں۔

- خان اکیڈمی پر ریاضی کے مضمون کے حوالے سے کئی انٹرایکٹیو کورس بکس دستیاب ہیں۔

-’’بِریدنگ میتھ‘‘ کے نام سے ایک پوڈکاسٹ بھی آپ کی بہت مدد کرسکتا ہے۔

مزید برآں، کئی ’ورک بکس‘ اور ’سیلف ٹیچنگ‘ کورسز بھی دستیاب ہیں۔ اب یہ فیصلہ کرنا آپ کا کام ہے کہ آپ ان میں سے کس سے بہتر طور پر ریاضی سیکھ سکتے ہیں۔ کسی ایک کا انتخاب کریں اور پھر اس پر کام شروع کردیں۔

کسی کو ساتھی بنالیں

کسی بھی دیگر مضمون کی طرح، اگر آپ ریاضی بھی اپنے کسی دوست کے ساتھ سیکھیں تو یہ عمل زیادہ آسان اور پرلطف ہوسکتا ہے۔ خود سے سیکھنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہوتا ہے کہ ’دوسروں کو سیکھا کر سیکھیں‘۔

تازہ ترین