• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کبھی کبھی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا دل کرتا ہے: صبور علی

جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’فطرت‘ میں فاریہ کا مرکزی کردار ادا کرکے مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے والی خوبرو اداکارہ صبور علی نے کہا ہے کہ وہ کبھی کبھی اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے بارے میں سوچتی ہیں۔

گزشتہ دنوں صبور علی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک خصوصی انٹرویو دیا، جس میں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔

دورانِ انٹرویو صبور علی نے سوشل میڈیا کی تنقید سے بھری دُنیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر آپ چاہے کچھ اچھا پوسٹ کریں یا بُرا پوسٹ کریں، لوگوں نے تنقید لازمی کرنی ہوتی ہے۔‘

صبور علی نے کہا کہ ’سوشل میڈیا صارفین کی تنقید سے بہت دُکھ ہوتا ہے لیکن اب میں منفی باتوں کی زیادہ پرواہ نہیں کرتی ہوں اور کوشش کرتی ہوں کہ صرف مثبت باتوں کی طرف اپنی توجہ مرکوز کروں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میری کوشش ہے کہ اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کروں تاکہ لوگوں کی تنقید سے بچ سکوں اور صرف مثبت چیزوں کو ہی پوسٹ کروں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس کی ایک وجہ ہے اور وہ یہ ہے کہ لوگوں کو معلوم ہو، دُنیا میں کچھ اچھی چیزیں بھی ہورہی ہیں۔‘

صبور علی نے کہا کہ ’سوشل میڈیا کی دُنیا بہت خطرناک ہوتی جارہی ہے اور اسی وجہ سے کبھی کبھی میرا دل کرتا ہے کہ میں اپنے سارے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کروں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میرا دل نہیں کرتا کہ میں اپنی تصویروں کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کروں کیونکہ ہر طرف صرف نفرت ہی نفرت ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’دوسری طرف ہم فنکاروں کے لیے سوشل میڈیا پر متحرک رہنا بھی ضروری ہے کیونکہ یہ اب ہمارے کام کا حصہ بن چکا ہے۔‘

واضح رہے کہ اسی انٹرویو کے دوران صبور علی نے کہا تھا کہ ٹاک شوز کے میزبان اپنے مقاصد کے لیےجان کر اُن سے اُن کی والدہ کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔

صبور علی کا کہنا تھا کہ ’ہم بہن بھائیوں کے لیے ہماری والدہ کے بارے میں گفتگو کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہم جذباتی ہوجاتے ہیں اور دل بھر آتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ٹاک شوز کے میزبان صرف اپنے شو کی ریٹنگ کے مقصد کی خاطر مجھ سے اس بارے میں لازمی سوالات کرتے ہیں۔‘

تازہ ترین