اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے اپنی گھریلو ملازمہ پر برہمی کی وائرل ویڈیو کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک برانڈ کی مہم کا حصہ ہے ۔
نادیہ حسین نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ یہ ویڈیو ایک برانڈ کی مہم کا حصہ ہے تاہم وہ ابھی برانڈ کا نام خفیہ ہی رکھیں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ ملازمہ اگر بجلی کے حوالے سے کوئی کوتاہی برتے تو اسے ڈانٹنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ان کے اسٹاف میں شامل کوئی بجلی کا خطرہ مول لینے والی غلطی کرتا ہے تو وہ اسے ضرور ڈانٹتی ہیں تاکہ وہ آئندہ خیال رکھے۔
نادیہ حسین نے کہا کہ اگر میری کوئی ملازمہ ایسا کچھ کرے گی تو میں اسے ضرور ڈانٹوں گی کیونکہ اس سے اس کی اصلاح ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں نادیہ حسین کی گھریلو ملازمہ کو موبائل میں لگے رہنے کا طعنہ دیتے ہوئے بجلی کے آلات خراب ہوجانے پر ڈانٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد سے صارفین اداکارہ سے معافی کا مطالبہ کررہے تھے۔