• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ (ن) کا امتحانات ملتوی کرکے میرٹ بنانے کا مطالبہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ امتحانات ملتوی کرکے الگ میرٹ بنائیں، امتحانات کو 45 دن کے لیے مؤخر کرکے کورس مکمل کروایا جائے۔

اسلام آباد میں خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب، اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ کے بورڈ کے طلبا کی شکایات ملیں ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ طلباء کے کورس مکمل نہیں کروائے اور حکومت انھیں امتحانات دینے پر مجبور کر رہی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اسمارٹ آن لائن کورسز بھی مکمل نہیں کروائے گئے، پسماندہ علاقوں کے طلبا اس سہولت سے محروم رہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے التجا کی ہے کہ امتحانات ملتوی کرکے الگ میرٹ بنائیں، امتحانات کو 45 دن کے لیے مؤخر کرکے کورس مکمل کروایا جائے۔

انھوں نے کہا کہ طلبا کو فیل ہونے سے بچایا جائے، اسپیکر نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کل تک کوئی فیصلہ دے، امید ہے حکومت لاکھوں طلبا کی اس آواز کو سنے گی۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ان طلبا میں اکثریت کی کلاس لوئر ہے، شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ میں طلباء کے لیے بہت مشکلات ہوتی ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ اسمارٹ سلیبس کا مطلب ہے سلیبس کم کردیا جائے، طلباء کو اسمارٹ سلیبس بھی پڑھایا نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ امتحانات لیں لیکن چند دن مؤخر کردیں کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔

انھوں نے اسلام آباد میں گرفتار کیے گئے طلبا کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کردیا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں، پی ٹی آئی کے وزرا اور ایم این ایز سے درخواست کی ہے، آپ کیوں چاہتے ہیں کہ دو امتحانات ہوں اور بورڈ کے امتحانات ٹھیک نہ ہوں۔

سعد رفیق کا کہنا کہ کیا دو میرٹ بنائے جائیں گے اور ایک امتحان لیا جائے، سے انا کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔

تازہ ترین