اسلام آباد(جنگ نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ اور سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں،پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کر رہا ہے ہمیں بدلتی صورتحال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہئیں، ہمیں کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا ہوگا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں، تربیتی، انتظامی امور اور جاری وارگیمز پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے منگلا پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آرمی چیف نے وار گیمز میں آپریشنل منصوبہ بندی اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی کو سراہا، اور اسٹرائیک کورفارمیشن کے مستقبل سے متعلق تربیتی امور کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے گیریژن افسران سے خطاب میں علاقائی و سیکیورٹی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدلتی صورت حال میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہئیں۔ ہمیں کسی بھی صورت میں سہل پسند نہیں ہونا چاہیے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت کر رہا ہے، مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ اور سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ کورونا روک تھام میں تمام رینکس نے سول انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا، عوام کی فلاح و بہبودکےلیےایس او پیز پرعمل یقینی بنانا ہوگا، کورونا وبا کے مکمل خاتمے تک احتیاط ضروری ہے۔