عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے اپنی نئی میوزک ویڈیو ’رفتہ رفتہ‘ کی پہلی جھلک سوشل میڈیا پر جاری کر دی ہے۔
گلوکار عاطف اسلم کی اس میوزک ویڈیو میں پاکستان کی ہر دلعزیز اداکارہ سجل علی بھی اپنی خوبصورتی کے جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔
عاطف اسلم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی نئی میوزک ویڈیو ’رفتہ رفتہ‘ کا پوسٹر شیئر کیا ہے جس پر عاطف اسلم کے ساتھ اداکارہ سجل علی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے یہ پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’محبت کو اس طرح محسوس کریں جیسے کبھی نہ کی ہو۔‘
میوزک ویڈیو کے اس پوسٹر کو اداکارہ سجل علی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے سوشل میڈیا پر یہ خبر زیرِ گردش تھی کہ سجل علی بہت جلد عاطف اسلم کی نئی میوزک ویڈیو میں اپنی اداکاری کے جوہر دِکھائیں گی۔
یہ خبر سُننے کے بعد سجل علی کے مداح خوشی سے جھوم اُٹھے تھے کہ وہ اپنی پسندیدہ اداکارہ کو عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی میوزک ویڈیو میں دیکھیں گے تاہم اس خبر کی عاطف اسلم اور سجل علی کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔