نیٹو کے فرانسیسی جنرل مائیکل یاکوفلیو کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ٹرمپ کا ساتھ دینا آئس برگ سے ٹکرانے کے بعد ٹائٹینک کا ٹکٹ خریدنے جیسا ہے۔
ایک بیان میں جنرل مائیکل یاکوفلیو نے کہا کہ یہ اتحادیوں کی جانب سے امریکا کی حمایت میں تاریخی نقصان ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر نیٹو نے آبنائے ہرمز کھلوانے میں مدد نہ کی تو نیٹو کا مستقبل بہت برا ہو گا۔
صدر ٹرمپ نے دورانِ پرواز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایران سے بات کر رہے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ تیار ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے ہفتے کے روز آبنائے ہُرمُز کھولنے کے لیے چین سمیت دنیا بھر سے مدد طلب کی تھی اور امید ظاہر کی تھی کہ چین کے ساتھ ساتھ فرانس، جاپان، جنوبی کوریا، برطانیہ اور دیگر ملک بھی اپنے جنگی جہاز آبنائے ہُرمز بھیجیں گے۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ٹرمپ کی مدد کی اپیل پر دنیا خاموش رہی، جبکہ جاپان نے اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر دیا، چین بھی ٹرمپ کے مطالبے پر خاموش رہا۔
جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی اپیل پڑھ لی ہے صورتِ حال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں جبکہ فرانس اور برطانیہ خطے میں اپنے بحری جہاز بھیجنے سے انکار کر چکے ہیں۔