ملتان( سٹاف رپورٹر)شہر اولیاءکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔تمام سرکاری محکموں سے پانچ ماہ تک جاری رہنے والی پلانٹ فار پاکستان مہم کے لئے شجرکاری کا ٹارگٹ طلب کر لیا گیا ہے۔بائی پاس چوک سے قادر پور راں تک شاہراہ کے دونوں اطراف میں پودے لگانے کا پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت پلانٹ فار پاکستان مہم کی تیاریوں بارے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم ہیلتھ، پولیس، جنگلات، انہار، ایم ڈی اے کارپوریشن، واسا،پی ایچ اے،این ایچ اے،بی زیڈ یو،زرعی یونیورسٹی،انجینئرنگ یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،رانااخلاق احمد خان اور محمد طیب خان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے اپنے ایریا کے مطابق پودوں کی تعداد بارے اپنی ڈیمانڈ سے آگاہ کریں،پودوں کی مانیٹرنگ کے لئے حکومت پنجاب خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائے گی اور ہر پودے کی جیوٹیگنگ کی جائے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد خان کو پلانٹ فار پاکستان مہم کے لئے فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے۔