• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ شروع کیا جائے گا

اسلام آباد (جنگ نیوز)کامیاب پاکستان پروگرام اس ماہ شروع کیا جائے گا، حکومت آئندہ تین سالوں میں کم آمدنی والی آبادی کی ترقی کیلئے 1.6 کھرب روپے فراہم کریگی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ ’کامیاب پاکستان پروگرام‘ رواں ماہ متعارف کروا دیا جائے گا، حکومت آئندہ تین سالوں میں کم آمدنی والی آبادی کی ترقی کیلئے اس پروگرام کو 1.6 کھرب روپے فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ شراکت داروں کو ساتھ لے کر چلنا یقینی بنانے کیلئے کامیاب پاکستان پروگرام کا طریقہ عمل طے کرنے کیلئے وسیع مشاورتی عمل ہوا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کامیاب پاکستان ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت کاروباری اداروں، چھوٹے تاجروں اور کاشت کاروں کو بغیر ضمانت کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ پروگرام میں کم ترین آمدنی والے 45 لاکھ خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی جو احساس پروگرام کی قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کا حصہ ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام حکومت کے عوام دوست اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے ایجنڈا کی تکمیل کے عزم کا عکاس ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کے تحت آئندہ تین سے پانچ سالوں کے دوران 1.6 کھرب روپے کے مجموعی قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے 30 لاکھ سے زیادہ خاندان مستفید ہوں گے، یہ پروگرام دنیا بھر میں چھوٹے قرضوں کی فراہمی کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا جس کے لئے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اشتراک کار کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

تازہ ترین