• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی، یہ را کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی ، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے یہ بین الاقوامی سازش ہے یہ را کا ایجنڈا ہے یہ را نے ساری دنیا میں یہ بات پھیلائی ہے ۔افغان سفیر کی لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا۔

کھڈا مارکیٹ سے اس نے ٹیکسی لی ہے وہ ڈرائیو راور مالک بھی ہمارے پاس ہے یہ راولپنڈی گئی ہے یہ اب مان ہی نہیں رہی کہ میں راولپنڈی گئی ہوں۔میڈیا پر جو تصویریں چلی ہیں یہ جعلی چل رہی ہیں یہ وہ لڑکی نہیں ہے ۔اس لڑکی نے ایف نائن پارک یا دامن کوہ سے انٹرنیٹ بھی استعمال کیا ہے۔ راولپنڈی ککھڑ پلازہ سے آگے کی فوٹیج نہیں مل رہی ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھی نواز شریف کا بیانیہ پھیل رہا ہے ۔ معاون خصوصی توانائی و پٹرولیم، تابش گوہر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو تین روز میں کیونکہ گرمی کی لہر آئی اور بجلی کی طلب میں کافی حد تک اضافہ ہوااس کی وجہ سے تقریباً150 سے200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ہم نے پاور سیکٹر کو منتقل کی ہے۔

اس کی وجہ سے پنجاب اورکے پی کے میں سی این جی سیکٹراور نان ایکسپورٹ انڈسٹری کی گیس میں کمی کی گئی ہے۔انشاء اللہ پرسوں تک یہ بحال کردی جائے گی ۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ سارے لوگ اگر انڈیا کا ایجنڈا پرسو کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک لڑکی گھر سے پیدل نکلتی ہے کھڈا مارکیٹ میں آکر وہ ٹیکسی لیتی ہے ہمارے پاس فوٹیج ہے کہ وہ ٹیکسی لے کر راولپنڈی جاتی ہے ۔ راولپنڈی سے وہ دامن کوہ میں آتی ہے دامن کوہ سے وہ تیسری ٹیکسی لیتی ہے۔ پہلے کہتی ہے میرا فون لے گئے ہیں بعد میں جب فون دیتی ہے تواس میں جتنے سسٹم ہوتے ہیں سب ڈیلیٹ کرکے ہمیں دیتی ہے۔ ہم نے اس کی درخواست پر پرچہ کاٹ لیا ہے تین دفعات لگا دی ہیں۔

اگر ایک ایک سال کی چھ چھ مہینے پرانی افغانستان کی اور پشاور کی تصاویر چلا دی جائیں اور یہ کہا جائے کہ یہ افغان سفیر کی بیٹی ہے تو جھوٹوں پر اللہ کی لعنت ہے۔تین فوٹیج ہمارے پاس موجود ہیں چوتھی کی ہم تلاش کررہے ہیں۔سی سی ٹی ویڈیو دیکھی ہے دو نہیں تین ٹیکسیاں تھیں۔لڑکی نے دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی لیکن گھر نہیں گئی۔

لڑکی ایف سیون سے دامن کوہ گئی وہاں سے ایف نائن پارک گئی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کی طرح آزاد کشمیر میں بھی حزب اختلاف نے انتخابات سے پہلے حکومت پر دھاندلی کے الزامات لگانا شروع کردیئے ہیں، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ میں خود گلگت بلتستان کے الیکشن دیکھنے گیا تھا میری وہاں پر ڈیوٹی لگی تھی۔

میں نے یہ بات متعلقہ حکام تک بھی پہنچائی تھی اس کو میڈیا کے ذریعے بھی اجاگر کیا تھا۔بے دریغ طریقے سے اس حکومت نے ہمارے ملک کا ایک اہم ادارہ ہے انٹیلی جنس بیورو جس کو ہماری حکومت کے دور میں وسائل فراہم کئے گئے تاکہ وہ دہشت گردی کی جنگ میں کارہائے نمایاں سر انجام دیں۔

تازہ ترین