پشاور(نمائندہ جنگ)تھانہ چمکنی کی حدود پشاورٹول پلازہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے جواں سالہ اہلکار کو شہید کردیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شہید کانسٹیبل تین سال قبل بھرتی ہوا تھا ۔واقعہ کے بعد پولیس نے نعش تحویل میں لیکر مردہ خانے منتقل کردی جبکہ تفتیش شروع کردی۔تھانہ چمکنی پولیس کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی کے کانسٹیبل صفدرعلی سکنہ ذخئی کلے تاروجبہ ،جوپشاور شرقی تھانہ میں تعینات تھے ، گھر سے موٹرسائیکل پر جارہا تھاکہ اس دوران ٹول پلازہ کے قریب سروس روڈ پر نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں وہ متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی شہید ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نفری پہنچ گئی اورنعش تحویل میں لیکر مردہ خانے منتقل کردی جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اور گولیوں کے خالی خول اکھٹے کرکے تفتیش شروع کردی ۔ مقتول صفدر علی کی عمر 21سال بتائی جاتی ہے جو شرقی تھانہ میں تعینات تھے۔مقتول کانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس لائن پشاورمیں ادا کی گئی جہاں انہیں آبائی گائوں میں سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔شہید کانسٹیبل کے والد بھی ایف آر پی پولیس میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔