کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں ہلچل مچانے والا پیگاسس نامی سافٹ وئیر اسرائیلی کمپنی کا بنایا ہے ، این ایس او گروپ کا بنایا گیا سافٹ وئیر آپ کی فون کالز اور پیغامات کو کاپی کرتا ہے اور خفیہ طور پر 24گھنٹے آپ اس کی نگرانی میں آجاتے ہیں، اس میل وئیر کو اسپائی وئیر بھی کہا جارہا ہے ، اسرائیلی کمپنی کی جانب سے پیگاسس نامی سافٹ وئیر کے ذریعے دنیا بھر میں پچاس ہزار سے زائد افراد کی جاسوسی کا انکشاف کیا ہے، یہ سافٹ ویئر کس طرح کام کرتا ہے اور کیسے موبائل فونز میں انسٹال ہوکر تمام ڈیٹا لیک کردیتا ہے اس کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔عالمی خبررساں اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی کمپنی کا تیارہ کردہ پیگاسوس نامی سافٹ ویئر ایسا میل ویئر ہے جو آئی فونز اور اینڈرائیڈ آلات کو متاثر کرتا ہے، اس کے ذریعے میسیجز، فوٹوز، ای میلز،فون کالز اور مائیکرو فون کو خفیہ طور پر ہیک کیا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے پہلے ایک انٹرنیٹ لنک صارف کے موبائل پر بھیجا جاتا ہے اس لنک کو کلک کرنے والے صارف کے موبائل میں یہ سافٹ ویئر انسٹال ہوجاتا ہے جس کا علم موبائل استعمال کرنےوالے صارف کو بھی نہیں ہوتا۔سافٹ ویئر موبائل میں انسٹال ہونے کے بعد کمانڈ اینڈ کنٹرول سرورز سے رابطہ قائم کرتا ہے اور پھر ان کمپیوٹرز اور ڈومینز کے ذریعے صارف کی ڈیوائس کو نہ صرف کنٹرول کیا جاتا ہے بلکہ اس میں ڈیٹا بھیجنے اور وصول کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔سافٹ ویئر کے انسٹال ہونے کے بعد صارف کے موبائل فون میں موجود تمام ڈیٹا، ای میلز، خفیہ پاس ورڈز وغیرہ لیک ہونے لگتی ہیں، صارف 24 گھنٹے میں اپنے موبائل فون پر جو بھی چیز استعمال کرتا ہے یہ سافٹ ویئر اس کی نگرانی کرتے ہوئے موبائل فون کو ایک 24/7 جاسوسی ڈیوائس میں تبدیل کردیتا ہے۔یہ سافٹ ویئر انتہائی کم بینڈ وتھ استعمال کرنے اور انتہائی خفیہ طور پر بغیر کوئی ثبوت چھوڑے بغیر ڈیٹا اپنے کمانڈ اینڈ کنٹرول سرورز کو بھیجنے میں ماہر تھا۔سافٹ ویئر کمپنی این ایس او نے اس جاسوسی سافٹ ویئر پیگاسس کا جدید ورژن بھی تیار کررکھا تھا جسے ’زیرو‘ کا نام دیا گیا ہے اس جدید سافٹ ویئر میں کسی صارف کی جاسوسی کیلئے اس کے موبائل پر لنک بھی نہیں بھیجا جاتا اور نہ اس کے لنک پر کلک کرنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔بلکہ یہ زیرہ کلک سافٹ ویئر کسی صارف کے موبائل میں موجود ان زیرو ڈے خطرات کو استعمال کرکے فون کو ہیک کرتا ہے جنہیں صارف کی جانب سے ٹھیک نہ کیا گیا ہو۔