وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ کمیشن احسن اقبال نے کہا ہے کہ ستمبر 2017 تک بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا، ماضی میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کی کوشش ہی نہیں کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ تھر میں موجود کوئلے سے سستی بجلی حاصل ہو گی جو ملکی معیشت میں مثبت اثر چھوڑے گی۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں انجینئرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےاحسن اقبال نے کہا کہ 2013 میں ملک کو دہشتگردی کا سامنا تھا اور مغربی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ہچکچاتے تھے، آج حالات یکسر بدل چکے ہیں، دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی امن کا شہر بنتا جا رہا ہے اور بلوچستان بھی قومی دھارے میں شامل ہو چکا ہے جس کے باعث مغربی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔