• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اللہ بٹ صاحب کا بھلا کرے!!بڑے دلیر آدمی ہیں۔ بیس سال پہلے میرے ڈیرے پر آئے تھے، دبلے پتلے، ہڈیوں کا ڈھانچہ، بھوک کے مارے ہوئے تھے۔ انگلیوں کی پوروں سے بھی بھوک ٹپک رہی تھی۔ میں نے کوئی خاص نوٹس نہیں لیا ان کا۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ آنے والے وقت میں یہ ہمارے ”بٹ صاحب“ بننے والے تھے۔ ان کے چچا ،بڑے بٹ صاحب، لے کر آئے تھے انہیں، روز شام کو آ کر بیٹھ جاتے اور پھر جب تک میل ملاقات کا سلسلہ جاری رہتا ، بیٹھے رہتے ۔ چہر ے پر وہی سوال لکھا ہوتا جو کئی مہینوں سے وہ ہر روز جانے سے پہلے مجھ سے کیا کرتے”کوئی نوکر ی اس قسمت مارے کو بھی دلوا دیں، بہتی گنگا میں ہر کوئی ہاتھ دھو رہا ہے، ہماری قسمت کا فیصلہ اب صرف آپ کے ہاتھ میں ہے“۔ میں ہمیشہ اُسے ڈانٹ دیتا”کہہ دیا نہ کہ میرا کوٹہ پورا ہو گیا ہے اور پہلے ہی اپنے کوٹے سے دو گنا نوکریاں لگوا چکا ہوں، میں نے ساری بٹ برادری کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے؟؟“بغیر کسی ناگوار تاثر کے ان کے چچا کہنے لگتے”بٹ صاحب، آپ کے بارے میں مشہور ہے کہ ”منڈا بٹاں دا ہووے ، تے ہووے میٹرک پاس، بس بٹ صاب دا دروازہ مل لو“۔ خیر میں نے بٹ صاحب کو اے ایس آئی بھرتی کرا دیا۔ وہ دن اور آج کا دن، بٹ صاحب نے میرا احسان نہیں بھولا۔ بندے مارنے پڑے، تو بندے بھی مارے ہیں۔ پرچے، چھترول، اخراج رپورٹیں تو معمولی باتیں ہیں۔ میرے اوپر کئی اچھے بُرے وقت آئے ، بٹ صاحب نے میرا ڈیرہ بند نہیں ہونے دیا پھر دو الیکشن تو میں جیتا ہی بٹ صاحب کی وجہ سے ہوں۔ ایک دفعہ تو حالات اتنے خراب تھے کہ ایس پی سے لیکر آئی جی تک سب عدم تعاون پر کمر بستہ تھے، بٹ صاحب ہی تھے کہ اپنے خاص ایس ایچ اوز کی مدد سے ان سب کا اکیلے مقابلہ کیا اور سیٹ جیت کر میری جھولی میں ڈال دی۔اب آج اگر میں وزیر ہوں تو کیا میں بٹ صاحب جیسے محسن کو بھُول سکتا ہوں؟
بٹ صاحب کہنے کو تو ڈی ایس پی ہیں لیکن کیا مجال کہ آئی جی صاحب بھی ان کو میلی نظر سے دیکھ جائیں۔کئی دفعہ بس چلا تو بٹ صاحب کوایس پی اور ایس ایس پی بھی ان کی مرضی کا لگواکر دیا لیکن بٹ صاحب کی ہی خوبی ہے کہ میری آنکھ کا اشارہ بھی سمجھتے ہیں۔آج تک مجھے بٹ صاحب سے کوئی شکایت نہیں ہوئی۔ میرے بارے میں لوگ کہتے ہیں کہ یار باش آدمی ہوں، دوستوں کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہوں۔کئی جھمیلوں سے بٹ صاحب کو میں نے بھی بچایا ہو گا،آپ کو تو پتہ ہی ہے نا کہ پولیس کی نوکری میں مسئلے مسائل چلتے ہی رہتے ہیں ۔پرچے، بیلف، انکوائریاں، ہائی کورٹ کے مسئلے، خیر اسی طرح مل جل کر ہی کام چلتا ہے۔ بٹ صاحب کی وفاداری ہمارے سارے دوستوں میں مشہور ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کے اس ”ایک گراں سجدے“ والے شعر کو خوب سمجھا ہے اور معاف کرنا، میں نے بھی کبھی پولیس کے بابو لوگوں کو زیادہ… چلیں چھوڑیں، اپنی اپنی سائنس ہے ہر بندے کی۔ آپ جیسے بابو لوگ آتے ہیں سال چھ مہینے لگا کر چلے جاتے ہیں، ہمارے کام تو بٹ صاحب ہی آتے ہیں۔
یہ سجی ضرور چکھئے گا، بٹ صاحب نے خصوصی طور پرگھر سے پکوا کر آپ کیلئے بھجوائی ہے۔ آج بہت خوش ہیں کہ ان کے صاحب میرے ڈیرے پر کھانا کھانے آ رہے ہیں۔ آپ کا اکثر ذکر کرتے رہتے ہیں بٹ صاحب۔ کہتے ہیں کہ صاحب بڑے محنتی اور ایماندار ہیں۔ ویسے ایماندار بابوؤں سے بہت ڈر لگتا ہے بٹ صاحب کو۔ وہ تو اللہ بھلا کرے کہ آپ جیسے لوگوں کا پولیس کے محکمے سے دور کا بھی واسطہ نہیں یا پھر ہمیں کبھی واسطہ نہیں پڑا،آپ جیسے پولیس افسروں سے، ورنہ کم از کم بٹ صاحب تو ڈر سے ہی مر جاتے۔ یہی ایک کمزوری ہے بٹ صاحب کی، بعض اوقات اپنے افسروں کو سر پر سوار کر لیتے ہیں ۔آپ سے کچھ زیادہ ہی ڈرے ڈرے رہتے ہیں۔ ویسے جب سے بٹ صاحب نے مجھے بتایا کہ آپ واقعی ایماندار ہیں اور اپنے مہمانوں کو چائے بھی اپنے پیسوں سے پلاتے ہیں اور تو اور اپنی ذاتی کالیں تک سرکاری فون سے نہیں کرتے، مجھے آپ سے ملنے کا بڑا اشتیاق تھا۔ کئی دفعہ کہا بٹ صاحب کو کہ اپنے صاحب کو ملواؤ ہم سے ، کہنے لگے ان صاحب سے آپ کو خود ہی ملنا پڑے گا۔ اسی لئے میں آپ کے دفتر چلا آیا تھا اور آپ کی ذرّہ نوازی ہے کہ آپ نے میرے ساتھ کھانے کی دعوت قبول کر لی۔آپ جیسے ایماندار افسروں کا میں بہت قدردان ہوں ،دل سے خوشی ہوتی ہے کہ چلو پولیس جیسے محکمے میں بھی اکا دکا دانے بچے ہوئے ہیں ورنہ تو اتنی کرپشن ہے کہ دل خون کے آنسو روتا ہے کہ ہمارے ملک کا کیا بنے گا۔
بٹ صاحب آپ سے بہت متاثر ہیں، ہر وقت آپ کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔بتا رہے تھے کہ آپ کی ابھی شادی نہیں ہوئی اور ان کا خلوص ملاحظہ کریں، ہر وقت میرے ساتھ آپ کے لئے مناسب رشتے ڈسکس کرتے رہتے ہیں۔آپ اجازت دیں گے تو بٹ صاحب آپ کے آگے رشتوں کی لائنیں لگا دیں گے۔ بڑے ہی کام کے بندے ہیں بٹ صاحب۔ ہر چیزکا حل ہے ان کے پاس، کبھی آدھی رات کے وقت بھی کسی چیز کی ضرورت پڑے ، بلا جھجھک بٹ صاحب کو حکم فرمائیے گا سب کچھ حاضر کر دیں گے۔آپ سے پہلے جو صاحب تھے ان کے دوست اکثر آتے رہتے تھے، بڑا تعلق واسطہ تھا ان کا پورے پاکستان میں، اکیلے بٹ صاحب تھے جو ان کے سارے دوستوں کی مہمان نوازی کرتے تھے۔کبھی کوئی شکایت نہیں ہوئی، انہیں، آج بھی فون کرتے ہیں تو بٹ صاحب کا ضرور پوچھتے ہیں۔مچھلی کو تو آپ نے ہاتھ بھی نہیں لگایا، مسٹر کوڈ سے منگوائی ہے بٹ صاحب نے اسپیشل آپ کیلئے۔ کیا کہہ رہا تھا میں …ہاں!!بٹ صاحب کی ایک اور بھی خاصیت ہے، اپنے افسروں کی پالتو جانوروں کی طرح خدمت کرتے ہیں۔ کسی افسرکے عزیز کی شادی آ جائے، کسی افسرکے عزیز کا انتقال ہو جائے ، کسی افسر کا گھر بن رہا ہو،بٹ صاحب کو اپنے افسر سے زیادہ فکر ہوتی ہے اور یہ بھی نہیں کہ بٹ صاحب صرف لاہور میں ہی افسروں کا خیال رکھتے ہیں، خیبر سے کراچی تک جہاں کہیں بھی صاحب کا گھر ہو، بٹ صاحب پوری ذمہ داری سے انتظامات کروا دیتے ہیں اور مجال ہے کہ ماتھے پر ایک سلوٹ بھی پڑ جائے،ہمیشہ خوش دلی سے افسروں کی خدمت کرتے ہیں۔
مجھے پورا یقین ہے کہ آپ جیسے جوہر شناس کو بٹ صاحب کو ساتھ چلانے میں کوئی دشواری نہیں ہو گی۔باقی، خبروں شبروں پر زیادہ دھیان نہ دیجئے گا، آپ کو تو پتہ ہی ہے کہ میڈیا والے بلیک میل کرتے رہتے ہیں۔لوگ شکایتیں بھی کرتے رہتے ہیں، جس کا کام نہ کرو شکایت لیکر آ جاتا ہے۔آپ کو وہ بوڑھی عورت کئی بار مل چکی ہوگی جو کہتی ہے کہ اس کا بچہ بٹ صاحب نے جعلی پولیس مقابلے میں مار دیا ہے۔کئی دفعہ انکوائری ہو چکی ہے اس کیس کی ، اب پھر آپ کو مارک ہو گیا ہے۔ یقین کریں کچھ نہیں ہے اس کیس میں ۔اب پولیس کی نوکری ہو اوربندہ ہو دلیر بٹ صاحب جیسا، توچھوٹے موٹے معاملات چلتے ہی رہتے ہیں۔دو اور کیسوں میں بھی تفتیش آپ کو مارک ہوئی ہیں، حراست میں ملزم مر گئے تھے۔ تفتیشی اور ایس ایچ اوکی نامزدگی تو سمجھ میں آتی ہے، منہ اٹھا کر بٹ صاحب کو بھی نامزد کر دیا وارثوں نے۔ ملک صاحب کے بھی بڑے دشمن پیدا ہو گئے ہیں، تھوک کے حساب سے درخواستیں آ جاتی ہیں ان کے خلاف، آپ خود سمجھدار ہیں ان ساری درخواستوں پر پرچے تھوڑے ہی کاٹ سکتی ہے پولیس۔ ایس ایچ او پرچے نہیں کاٹتے اور آپ کو شکایتیں بٹ صاحب کے خلاف آ جاتی ہیں۔ ماشاء اللہ، اب آپ کو بھی چھ سات سال تو ہو ہی گئے ہیں پولیس کی نوکری میں، آپ یقینا یہ ساری باتیں مجھ سے زیادہ سمجھتے ہوں گے۔
(رخصت ہوتے وقت )جناب کا بہت بہت شکریہ کہ میرے اس غریب خانے پر تشریف لائے۔ آپ سے میل ملاقات چلتی رہے گی۔ بس جاتے جاتے ایک دفعہ پھر آپ سے Requestکروں گا کہ بٹ صاحب کا خاص خیال رکھئے گا کیونکہ بٹ صاحب ہمارے بڑے محسن ہیں۔
تازہ ترین