• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران اور دوسروں کی جاسوسی، اقوام متحدہ بھارت کو کٹہرے میں لائے، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے وزیراعظم عمران خان سمیت عالمی رہنماؤں، انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں، حکومتی اہلکاروں، سفارتکاروں، ججز اور صحافیوں کے کمپیوٹرز اور فونز کی جاسوسی کیلئے بھارت کی طرف سے اسرائیلی سپائی ویئر پیگاسس کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہےاور کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کو کٹہرے میں لائے، جاسوسی آپریشن کے حوالے سے معلومات پر نظر رکھے ہوئے ہیں،بھارت کے غلط رویئے کو عالمی پلیٹ فارم پر اٹھایا جائیگا، ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی قواعد اور ذمہ دارانہ ریاستی رویئے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انڈین حکومت کی جانب سے نگرانی اور جاسوسی کے آپریشن بڑے پیمانے پر سپانسر کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس، بی جے پی کی حکومت کی طویل مدتی مہم کے تحت اختلاف رائے رکھنے والوں کی نگرانی،بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور پاکستان کیخلاف غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔ بیان کے مطابق بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے اس وقت ظاہر ہو گیا تھا جب گزشتہ سال ای یو ڈس انفو لیب‘ انڈیا کرونیکل سے متعلق معلومات منظر عام پر آئی تھیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے جاسوسی کے آپریشن کے حوالے سے معلومات پر نظر رکھے ہوئے ہیں،بھارت کے غلط رویئے کو عالمی پلیٹ فارم پر اٹھایا جائیگا۔ بیان کے مطابق ان رپورٹس کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے اداروں سے معاملے کی تحقیقات کرنے، حقائق سامنے لانے اور اس میں ملوث بھارتی شہریوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا کہا گیا ہے۔

تازہ ترین