عمدہ سے عمدہ میک اپ خریدنا اور اس کا استعمال کرنا ہر لڑکی کو پسند ہوتا ہے، میک اپ کر لینے سے خواتین کی خوبصورتی پر جہاں چار چاند لگ جاتے ہیں اور چہرے کی جلد پر چھوٹا موٹا عیب چھپ جاتا ہے وہیں اسے صحیح طریقے سے صاف نہ کرنے کی صورت میں خوب سے خوب تر صاف اسکن بھی خراب اور ایکنی سے بھر جاتی ہے، اسی لیے میک اپ لگانے کا ہنر سیکھنے سمیت اسے صاف کرنے کا طریقہ بھی آنا چا ہیے۔
ماہرینِ جلدی امراض کی جانب سے تو میک اپ مثلاً پرائمر، لیکوئیڈ فاؤنڈین، بیس، فیس پاوڈر، بلش آن، مسکارہ، ہائی لائٹر، کنسیلر لگاناسختی سے منع کیا جاتا ہے مگر شوق کے آگے ڈاکٹرز کی کون سنتا ہے، اسی لیے خواتین میک اپ لگانے میں تو کوئی کوتاہی نہیں برتتیں مگر اسے اتارنے میں جِلد کی صحت داؤ پر لگا دیتی ہیں جس کے سنگین نتائج سامنے آتے ہیں۔
ماہرین جلدی امراض و بیوٹیشنز کی جانب سے میک اتارنے کا صحیح طریقہ اور اس سے متعلق مشورے بتائے جاتے ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں، ان تجاویز پر عمل کر کے میک لگانے کے باوجود جلد صاف ستھری اور شفاف رہے گی۔
ماہرین کے مطابق میک اپ تا دیر لگانے سے گریز کرنا چاہیے، اگر سارا دن میک اپ کرنے کی ضرورت ہے تو اسے کم از کم 8 گھنٹے بعد اسے فریش کر لیں یا پھر معیاری میک اپ کا انتخاب کریں۔
میک اپ اتارنے کے لیے صرف ایک فیس واش سے چہرہ دھو لینے کا مطلب ہے کہ آپ نے اپنا میک اپنے چہرے پر اچھی طرح سے مَل لیا ہے اور مسام کو مزید بند کر دیا ہے ۔
میک اپ لگانے سے چہرے کے مسام بند ہو جاتے ہیں اور پسینے کا اخراج رُک جاتا ہے جس کے نتیجے میں دانے بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے، چہرے کے مسام میں میک اپ اور پسینہ مل کر مسام پر اضافی چکناہٹ جمع کر دیتا ہے جس کے نتیجے میں کیل، مہاسوں اور ایکنی میں اضافہ ہونے لگتا ہے۔
ماہرین کے مطابق میک اپ ہٹانے میں کبھی دیر نہ کریں، جیسے ہی باہر سے گھر پہنچیں یا تقریب ختم ہو اپنا میک اپ صاف کر لیں، میک اپ لگائے ہوئے رات سونے سے گریز کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ میک اپ جس پر ہزاروں روپیہ خرچ کر دیا جاتا ہے ایسے ہی میک ہٹانے کے لیے بھی معیاری پروڈکٹس کا استعمال کریں۔
اچھے برانڈ کا میک اپ ریموور یا پھر کسی صاف اور خالص تیل کا استعمال کیا جا سکتا ہے جیسے کہ ناریل، بادام اور وٹامن ای آئل، ان آئل سے پوروں کی مدد سے چہرے اور گردن پر مساج کریں اور روئی کی مدد سے چہرہ صاف کر لیں۔
میک اپ صاف کرتے ہوئے پہلے چہرے پر تیل سے مساج کریں، روئی کی مدد سے صاف کریں اس کے بعد فیس واش سے چہرہ دھو لیں۔
میک اپ اتارنے کا عمل یہاں ختم نہیں ہوا ہے، اب اپنے چہرے پر کسی اچھے برانڈ کی کلینزنگ 7 منٹ اور اس کے بعد ہلکے ہاتھ اسکرب ضرور کریں۔
میک اپ اتارنے کے بعد کسی اچھے ٹونر کا استعمال لازمی کریں یا عرق گلاب لگا لیں۔
میک اپ اتارنے کے 20 سے 30 منٹ بعد اپنی جلد کو موسچرائز کرنے کے لیے کسی اچھے برانڈ کی کریم کا استعمال لازمی کریں۔