• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلی بار سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنائیں گے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگلے الیکشن میں پوری کوشش ہوگی سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنے، پی ٹی آئی کشمیر میں تنہا حکومت بنانے جا رہی ہے،  کشمیر الیکشن سے متعلق جو کہا وہی ہوا،  اپوزیشن 2023 میں بھی دھاندلی کا رونا روئے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ  پیپلزپارٹی نے بڑا پیسہ خرچ کرکے دو تین سیٹوں کا اضافہ کیا ، اگلی بار سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنائیں گے۔

نواز شریف کو فی الفور چارٹرڈ طیارہ دینے کو تیار ہیں

شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف مودی کے ساتھ پگڑی بدل سکتے ہیں، اگر نوازشریف وآپس آنا چاہیں تو انہیں فی الفور چارٹرڈ طیارہ دیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میری ریکارڈنگ کو محفوظ کر لیں یہ 2023 میں بھی دھاندلی کا کہیں گے،جو انتخابات کے دوران 840 کارڈ ریلیز کروائے انہیں مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اب نام کے ساتھ میاں نہیں لکھتے، یہ کشمیر کے ٹھیکیدار کدھر سے بن گئے، کشمیر میں سب سے زیادہ بیروزگاری ہے، بیروزگاری کا سمندر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا ایک ہی ایجنڈا ہے، اینٹی آرمی، اینٹی اسٹبلشمنٹ، اینٹی عمران خان، انہوں نے کل آخری پیغام دیا ہے کہ وہ بڑی تکلیف میں ہیں، ہم ان کی مدد کرنے کو تیار ہیں، چارٹرڈ جہاز دینے کو تیار ہیں، وہاں بیٹھ کر اینٹی اسٹیٹ اور اینٹی عمران خان تقریریں نہ کریں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف فوجی نرسریوں سے نکلا ہے، یہ لوگ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکیں گے، نوازشریف فوجی نرسریوں سے نکلا اور اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے، جنرل جیلانی سے پہلے کوئی نوازشریف کا نام بھی نہیں جانتا تھا۔

نور مقدم کے ملزم کو بلیک لسٹ کردیا ہے

انہوں نے نور مقدم قتل کیس کے حوالے سے بتایا کہ نور مقدم کے ملزم کو بلیک لسٹ کردیا ہے، ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، ملزم کے والد کو گرفتار کیا ہے، ملازمین کو بھی گرفتار کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ نور مقدم کیس میں ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے اسی ہفتے کابینہ میں پیش کیے جائیں گے، ملزمان کے نام فوری طور پر پی آئی این ایل میں ڈال دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاش اس ملک میں ایسا نظام ہو کہ خواتین کو قتل کرنے والوں کو جلد از جلد پھانسی دی جائے، خواہش ہے چین کے نظام کی طرح یہاں قاتل کو موقع پر سزا ملے۔

’نادرا میں تصحیح اور تجدید کا نیا نظام لانے لگے ہیں‘

شیخ رشید نے کہا کہ نادرا میں تصحیح اور تجدید کا نیا نظام لانے لگے ہیں، تصدیق، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لارہے ہیں، جو شناختی کارڈ مشکوک ہوں گے ان کو میسج بھیجیں گے، دیکھیں گے کہ کوئی غیرذمہ دار شخص پاکستان کے شناختی کارڈ سے فائدہ تو نہیں اٹھارہا، جو غیرملکی بغیر ویزا تجدید کے پاکستان میں ہیں وہ 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سات سال میں جتنے جعلی شناختی کارڈ بنے ہیں، 39 آدمی کراچی سے نکالے ہیں، جو پیسے لے کر شناختی کارڈ بناتے رہیں ہیں انہیں نکالیں گے، نادرا کو متنازعہ کرنے کے لیے ایک سوشل میڈیا کمپنی استعمال کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں 11 سو ویکنسی تھی، 12 لاکھ سے زیادہ درخواستیں آئیں، ہمارا ایف آئی اے کا سائبر کرائم بھی بہت تھکا ہوا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں سالہاسال سے ویزہ تجدید کے بغیر رہنے والوں کو 14 اگست تک کا ٹائم دے رہا ہوں، اگر یہ ویزے کے لیے اپلائی کریں تو فیس معاف کرنے کے لیے تیار ہوں۔

زمینی وزیر داخلہ ہوں، خلائی وزیر داخلہ نہیں

انہوں نے کہا کہ میں نارمل انسان ہوں، زمین پر رہتا ہوں، وزیر داخلہ کا یہ مطلب نہیں کہ اوقات ہی بھول جاؤ، میں زمینی وزیر داخلہ ہوں، خلائی وزیر داخلہ نہیں، میں نے پہلے کہہ دیا تھا کہ یہ کشمیر الیکشن پر رونا پیٹنا ڈالیں گے۔

افغان آرمی اہل کاروں کو عزت کے ساتھ واپس کردیں گے

انہوں نے افغان فوج کے پاکستان میں پناہ لینے والے اہلکاروں کے حوالے سے کہا کہ افغانی فوج کے افسران سمیت 46 افغان فوجی پاکستان آئے ہیں، افغان آرمی اہل کاروں کو عزت کے ساتھ واپس کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ 26 سو کلومیٹر تک باڑ لگادی ہے، 5 افسران سمیت 46 افغان آرمی اہلکاروں کو آج نہیں تو کل واپس بھیج دیں گے، افغان فوجیوں کو پناہ گزین اور سرینڈر کہنا مناسب نہیں۔

پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے

شیخ رشید نے کہا کہ 28 تاریخ کو سیاچن گلیشئر بھی جارہا ہوں، فوج قربانیاں دے رہی ہے، الیکشن میں بھی ان کی 4 جانیں گئی ہیں، الیکشن میں بھی 4 جوان شہید ہوئے، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے۔

تازہ ترین