• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی محرم کمیٹی نے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دےدیں

پشاور (جنگ نیوز) قومی محرم کمیٹی نے محرم الحرام میں عزاداری سید الشہداء وبائی صورتحال کے پیش نظر ایس او پیز کے مطابق برپا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ذیلی کمیٹیاں تشکیل دےدیں۔محرم الحرام میں انتظامات کی بروقت اور بہتر انجام دہی کے لیے علاقائی کنٹرول رومز بھی قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس امر کا اعلان مرکزی امام بارگاہ عادل بیگ کوچہ رسالدار میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سربراہ اور خطیب محمد و آل محمد آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے کی۔ اجلاس کے مہمانان خصوصی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما زاہد علی آخونزادہ اور خطیب شیعہ جامع مسجد علامہ سید ارشد علی شاہ نقوی تھے۔ اجلاس میں متولیان و منتظمینِ امام بارگاہ، بانیانِ مجالس و نشانِ منت، قومی ملی تنظیموں کے رہنماؤں اور زعماء قوم سمیت وڈپگہ، نوشہرہ اور چارسدہ کے مومنین کے وفود نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء نے محرم الحرام میں مجالس عزاء و جلوسہائے عزاء کے پرامن اور بہتر انعقاد کے لئے قومی محرم کمیٹی کی کارکردگی پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا اور آمدہ مُحرم تا ربیع الاول کے تمام تر انتظامات کیلئے اسٹیک ہولڈرز متولیان اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری کا فریضہ انجام دینے کا اختیار بھی قومی محرم کمیٹی کو سونپا۔اس موقع پر قومی مُحرم کمیٹی نے کرونا سے بچاو کیلئے امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کیلئے حفاظتی تدابیر سے شرکاء اجلاس کو تفصیلاً آگاہ کیا اور اجلاس میں اس کے موثر نفاذ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔
تازہ ترین