• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی پٹھان فلم اسٹار کیشا پلینویتھی 95 سال کی عمر میں کورونا سے انتقال کرگئے

بنکاک (مانیٹرنگ ڈیسک)تھائی لینڈ کے مشہور پاکستانی نژاد فلم اسٹار کیشا پلینویتھی (پاکستانی نام قیصر خان) 95 سال کی عمر میں کورونا کے باعث بنکاک میں انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں تھائی لینڈ کا مشہور ترین ولن سمجھا جاتا تھا جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی کی مشہور اور سپر ہٹ فلموں میں کام کیا تھا۔تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری صداقت الرحمن نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’تھائی لینڈ میں کیشا پلینویتھی کی موت ایک بڑی خبر کے طور پر میڈیا میں چلائی جا رہی ہے کیونکہ تھائی فلم انڈسٹری میں ان کا بڑا نام تھا۔‘انہوں نے بتایا کہ کیشا پلینویتھی کی پیدائش تھائی لینڈ میں (1925) میں ہوئی تھی مگر ان کے والد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے تھائی لینڈ آئے تھے۔کیشا پلینویتھی ایک کلاسک ولن تھے جنہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1955 میں کیا اور 2010 میں انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے 1987 تک تقریبا 52 فلموں میں کام کیا اور ان کی بیٹی سمیت متعدد افراد اب بھی تھائی لینڈ میں شوبز سے منسلک ہیں۔فرسٹ سیکریٹری صداقت الرحمن نے بتایا کہ وہ خود بھی کچھ عرصہ قبل پاکستانی سفیر کے ہمراہ کیشا پلینویتھی کی عیادت کے لیے گئے تھے۔’کیشا بہت وجیحہ اور سٹائلش اداکار کے طور پر مشہور تھے۔ وہ نہ صرف تھائی لینڈ بلکہ پاکستان کا بھی اثاثہ تھے۔ وہ کئی برس قبل پاکستان بھی آئے تھے۔‘یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں لاکھوں پاکستانی نژاد افراد گذشتہ ایک صدی سے زائد سے آباد ہیں جنہیں مقامی طور پر تھائی پٹھان کہا جاتا ہے۔پاکستانی سفارتکار کے مطابق تھائی پٹھان میں سے اکثر اردو بھی نہیں جانتے نہ پاکستان گئے ہیں مگر ان کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ اپنے گھروں میں تھائی جھنڈے کے ساتھ پاکستانی جھنڈا لگا کر رکھتے ہیں اور مختلف علاقوں میں سو کے قریب مساجد بنا رکھی ہیں جنہیں پاکستان مسجد کہتے ہیں۔

تازہ ترین