• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کی معیشت تباہ کردی، سعید غنی

گلاسگو (نمائندہ جنگ) پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم اور لیبر سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کردیا،ہر طرف مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ گلاسگو میں پاکستان پیپلزپارٹی اسکاٹ لینڈ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک ظہرانے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آی جس طرح 2018کے الیکشن میں وفاق پر مسلط کی گئی تھی اسی طرح اس کو اب آزاد کشمیر پر مسلط کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے الیکٹرول ریفارم کی بات کرنا بد نیتی پر مبنی ہےوہ اپنے نئے مجوزہ سسٹم کے ذریعے دراصل آئندہ الیکشن میں اپنی جیت کے لئے دھاندلی کی راہ ہموار کرنا چاہتی ہے، ہمارے الیکشن قوانین میں کوئی خامی نہیں،اصل ایشوز ان پر عمل نہ کرنے اور الیکشن میں بیرونی مداخلت کا ہے، سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی حکومت بچوں کو اسکولوں میں لازمی مفت تعلیم دینے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے لیکن ابھی اس سلسلہ میں کئی رکاوٹیں ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پورے وفاق کی مقبول پارٹی ہے اس کو الیکشن میں نہ صرف اپنے مخالفین بلکہ سازشوں سے بھی لڑنا پڑتا ہے جس طرح سازشوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں اگر اس کی جگہ کسی دوسری پارٹی پر اتنی مشکلیں اور مصیبتیں آتیں تو وہ کب کی ختم ہوچکی ہوتی۔ تقریب سے پیپلزپارٹی اسکاٹ لینڈ کے رہنمائوں چوہدری عبدالمجید، سید تنویر گیلانی، سردار رانجھا، مرزا طاہر بیگ، مرزا سرفراز احمد نے بھی خطاب کیا۔
تازہ ترین