• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیلیفورنیا تھیٹر فائرنگ میں19 سالہ ٹک ٹاک اسٹار ہلاک

کیلیفورنیا تھیٹر فائرنگ میں زخمی ہونے والا 19 سالہ ٹک ٹاک اسٹار انتھونی برجاس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دنیا سے چل بسا۔

پولیس اور انتھونی برجاس کے اہل خانہ کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار امریکہ میں ایک سینما کے اندر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہو گیا تھا، انتھونی برجاس کی کئی دن وینٹیلیٹر پر رہنے کے بعد موت واقع ہو گئی۔

پولیس نے پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے کورونا ڈیل مر کے پولیس ڈیپارٹمنٹ کو گزشتہ روز اطلاع دی گئی تھی کہ انتھونی برجاس انتقال کر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ فائرنگ کے دوران انتھونی برجاس کی ایک دوست ریلی گوڈرچ بھی ان کے ساتھ موجود تھی جو کہ موقع پر ہی دم توڑ گئی تھیں جبکہ انتھونی برجاس کو علاج کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا تھا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتھونی اور اُن کی دوست نے ایک ساتھ تھیٹر شو میں شرکت کی تھی اور وہ اپنی پہلی ڈیٹ پر فلم دیکھنے گئے تھے۔

فائرنگ کے واقعہ پر تحقیقات سے متعلق پولیس نے بتایا  ہے کہ ’حاصل کردہ بیانات کی بنیاد پر فائرنگ کا کوئی خاص مقصد سامنے نہیں آیا  ہے، یہ ایک بلا اشتعال حملہ لگتا ہے۔‘

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں ٹک ٹاک اسٹار کے دوستوں اور اہلخانہ سے تعزیت بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انتھونی برجاس نے انسٹاگرام پر جو آخری پوسٹ شیئر کی تھی اس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’اپنی پریشانیوں کو گنتے ہوئے حاصل شدہ نعمتوں کو ہی بھول جانے سے بہتر ہے کہ اِنہیں گنا ہی نہ جائے۔'

تازہ ترین