• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اپنی مدد کرنیوالے مزید 20ہزار سے زائد افغانوں کو پناہ دیگا

واشنگٹن ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) امریکا نے افغانستان میں اپنی مدد کرنے والے مزید ہزاروں افغان شہریوں کو پناہ دینے کا اعلان کردیا ہے تاہم فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق پناہ گزینوں کو اپنی سلامتی کیلئے ایک کٹھن مرحلے سے ہوکر گزرنا ہوگا ۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کے داخلے کی تعداد کو 20ہزار سے بڑھا رہا ہے جو کہ پہلے ہی امریکی فوج کے لیے مترجم کے فرائض انجام دینے والوں کے تحفظ کے پروگرام کے تحت درخواست دے چکے ہیں۔ افغانستان میں امریکی میڈیا اداروں ، غیر سرکاری تنظیموں یا امریکی تعاون سے چلنے والے منصوبوں پر کام کرنے والے بھی پناہ کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان کی بڑھتی ہوئی پر تشدد کارروائیوں کی روشنی میں امریکی حکومت ہزاروںافغانوں، بشمول جنہوں نے امریکا کے ساتھ کام کیا، ان کیلئے امریکا میں آبادکاری کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پروگرام امریکا میں مستقل طور پر ہزاروں افغانوں اور ان کے قریبی خاندان کے ارکان کو دوبارہ آباد کرنےکا موقع فراہم کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ترمیم شدہ اہلیت کے معیار میں میں وہ افغان باشندے بھی شامل ہو سکیں گے جو افغانستان میں امریکی میڈیا اداروں ، غیر سرکاری تنظیموں یا امریکی تعاون سے چلنے والے منصوبوں پر کام کرچکے ہیں۔

تازہ ترین