• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالم اسلام ملکر کام کرے، صدر عرب پارلیمنٹ

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے کہا کہ پاکستان نےامت مسلمہ کے مقاصد کے حصول میں تاریخی کردار ادا کیا ، اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالم اسلام کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پیر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے الگ الگ ملاقات کی اور سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کیا ۔ صدرعارف علوی نےعادل بن عبدالرحمٰن العسومی سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی ممالک کو دہشتگردی اور اسلامو فوبیا کے حوالے سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قریبی تعاون کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے، اسلامو فوبیا کے بارے میں دنیا کے تصورات تبدیل کرنے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عرب پارلیمنٹ کے صدر کو مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

دریں اثناءعرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی کی سربراہی میں وفدنے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی،وفدسےگفتگومیں چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان کیلئے عرب پارلیمنٹ عرب ممالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہونے کے باعث اہمیت کا حامل ہے، پاکستان عرب پارلیمنٹ میں مبصر کی حیثیت سے شمولیت کیلئے تیار ہے

پاکستان فلسطینیوں کے جائز حق کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گااور کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریگا، عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے کہا کہ اقتصادی ترقی و سماجی خوشحالی ہمارا مشترکہ عزم ہے اور اسی کو لیکر آگے بڑھیں گے،

تازہ ترین