• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، ایک ہی محلے کی 4 لاپتہ بچیوں کا سراغ نہ مل سکا


لاہور کے علاقے ہنجروال سے پرسرار طور پر لاپتہ ہونے والی4 بچیوں کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔

پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور نے30 جولائی رات 12 بجےچاروں بچیوں کو موہلنوال روڈ پر اتارا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کے اغوا کا مقدمہ عرفان نامی شخص کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق عرفان کی 2 بیٹیاں 10 سالہ انعم اور 11 سالہ کنیزہ ہمسائے اکرم کی 2 بیٹیوں 14 سالہ عائشہ اور 8 سالہ ثمرین کے ہمراہ 30 جولائی کی رات میٹرو ٹرین پر سفر کے لیےگھر سے نکلیں لیکن واپس نہ آئیں اس لیے بچیوں کو اغوا کیے جانے کا شبہ ہے۔

پولیس کے مطابق علاقے کی جیو فینسنگ مکمل کر لی گئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے رکشہ ڈرائیور اور ایک محلہ دار کو حراست میں لے لیا ، یہ محلہ دار رات 11 بجے تک چاروں بچیوں کے ساتھ رہا ،یہ محلہ دار اپنی ماں کا فون آنے پربچیوں کوہنجروال چھوڑ کرگھرچلا گیا تھا۔

لاپتہ ہونیوالی 2 لڑکیوں کی والدہ نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ 30 جولائی کی رات 8 بجے میری دونوں بیٹیاں ہمسائیوں کی بچیوں کے ساتھ گئی تھی، ہم نے عزت کے ڈر سے کسی کو نہیں بتایا ، اپنی بچیوں کو خود ڈھونڈتے رہے، بچیوں کی تلاش میں پولیس ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

تازہ ترین