ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان میٹرو بس پر اجیکٹ کی مدت تکمیل میں پانچ روزباقی رہ گئے جبکہ صرف 60 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے اس حساب سے پراجیکٹ مزید کئی ماہ لیٹ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میٹرو بس پر اجیکٹ کا آغاز 15 مئی 2015 میں ہوا تھا ، منصوبے کی تکمیل کی مدت ایک سال مقرر کی گئی تھی مگر منصوبہ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے ، منصوبے کا ایک سال مکمل ہونے میں صرف پانچ روز باقی رہ گئے ہیں اور اب تک 40 فیصد تک کام نا مکمل ہے ، جن میں میٹرو بس سٹیشنشز کی تعمیر ، چونگی نمبر 9 پر ٹرانسفر سٹیشن کی تعمیر ، فلائی اوورز پر کارپیٹنگ ، فلائی اوورز کے نیچے نئے روڈ کی تعمیر کے کام مکمل نہیں ہو سکے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کاموں کی تکمیل کے لئے مزید تین ماہ سے چھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے ، دوسری طرف ملتان میٹرو بس پر اجیکٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر صابر سدوزئی مسلسل اس بات کا دعویٰ کرتے رہےہیں کہ پر اجیکٹ ایک سال میں ہی مکمل کر لیا جائے گا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 14 اگست کو منصوبے کی تکمیل اور افتتاح کی باتیں سامنے آرہی ہیں ، جبکہ میٹرو انتظامیہ کی طرف سے 30 جون تک منصوبہ مکمل کئے جانے کے اشارے دیئے جا رہے ہیں اس ضمن میں میٹرو بس پراجیکٹ کے آفیسر نذیر چغتائی کا کہنا ہے کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے افتتاح کی تاریخ کبھی بھی نہیں دی گئی ، غیر ممالک سے سامان کی آمدمیں تاخیر اور حافظ جمال روڈ ، 14 نمبر چونگی غیر متوقع کام، بی سی جی چوک کے تاجروں کی مزاحمت کی وجہ سے ہمارے دو ماہ ضائع ہوئے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ 30 جون تک میٹرو بس پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا، منصوبے کے افتتاح بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔