• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں پھر دہشتگردی، کیپٹن شہید، 2 جوان زخمی

بلوچستان میں پھر دہشتگردی، کیپٹن شہید، 2 جوان زخمی


کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کے علاقے واشک میں سیکورٹی فورسز کے کانوائے کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنانے کی کوشش میں ایک افسر شہید 2اہلکار زخمی ہو گئے، سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق آواران اور پنجگورسے ملحقہ واشک کے علاقے سولیر ٹوبہ کے قریب دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے سڑک کنارے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔

ہفتے کی شب سیکورٹی فورسز کا کانوائے سولیر ٹوبہ کے قریب پہنچا تو بارودی سرنگ زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک گاڑی تباہ ہو گئی جس میں سوار کیپٹن کاشف حوالدار تنویر اور ڈرائیور خادم شدید زخمی ہوگئے۔ 

اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمبائنڈ ملٹری اسپتال خضدار منتقل کیا جہاں کیپٹن کاشف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ حوالدار تنویر اور ڈرائیور خادم کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ 

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ،جبکہ ،فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق بلوچستان کے علاقے گچک میں سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ پھٹنے سے گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار کیپٹن کاشف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ حوالدار تنویر اور ڈرائیور خادم شدید زخمی ہوئے۔

دوسری جانب چیئرمین سینیٹ ،گورنر ،وزیراعلیٰ، اسپیکر بلوچستان ، وفاقی و صوبائی وزراء ،سینیٹرزاور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے واشک کے علاقے گجک میں سیکورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتے،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورپاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر وقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی پریشان کن ہے۔انہوں نے گچک میں کیپٹن کاشف کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

تازہ ترین