سنیما بھگدڑ کیس کے باعث الو ارجن کی فلم ’پشپا 2: دا رول‘ کا وہ گانا جس میں اداکار پولیس کا مذاق اڑاتے ہیں، یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔
سوکومار کی فلم پشپا 2: دی رول کے ریلیز ہونے کے بعد مداح اس کے ایک گانے ’دممنٹے پٹکورا‘ کے دیوانے ہوگئے، جو فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں بھی شامل نہیں تھا۔
تاہم بدقسمتی سے فلم کی میوزک لیبل کمپنی ٹی سیریز نے یہ گانا یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا اور چند گھنٹوں کے اندر ہی بھگدڑ کیس کے باعث اسے ہٹادیا گیا۔
پشپا 2 کے ایک منظر میں فہد فاصل کے کردار بھنور سنگھ شیخاوت، جو پولیس آفیسر ہیں، الو ارجن کے کردار پشپا راج کو یہ کہتے ہوئے ریکارڈ کرتے ہیں ’اگر ہمت ہے تو پکڑو شیخاوت، پکڑ لو گے تو سنڈیکیٹ چھوڑ دوں گا۔‘
جب بھنور سمجھتے ہیں کہ وہ پشپا پر قابو پا چکے ہیں، تو وہ اس ڈائیلاگ کو ایک ریمکس گانے میں تبدیل کر کے اس پر ڈانس کرتے ہیں۔ فلم کے ریلیز ہونے کے بعد یہ گانا کافی مقبول ہوا۔
ٹی سیریز نے مداحوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اس گانے کو 24 دسمبر کو ریلیز کیا، جو دیوی سری پرساد کی کمپوزیشن تھی۔ چونکہ یہ ڈائیلاگ پولیس ڈپارٹمنٹ کو للکارنے کے مترادف ہے، اس لیے انٹرنیٹ پر اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
کچھ لوگوں نے اس گانے کے ریلیز ہونے کو مزاحیہ کہا جبکہ دیگر نے اس وقت کو ’نامناسب‘ قرار دیا کیونکہ الو ارجن خود ریاستی حکومت اور پولیس کے ساتھ قانونی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔
جب میوزک لیبل نے اس گانے کے ممکنہ نتائج کو محسوس کیا، تو انہوں نے اسے یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا۔